اسلام آباد:(نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی) وفاقی وزیر صحت سید مصطفیٰ کمال سے انسدادِ پولیو میڈیا کمپین ٹیم نے ملاقات کی، جس میں پولیو کے خاتمے کے لیے جاری آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنانے اور عوام میں موجود منفی تاثر کو ختم کرنے کی حکمت عملی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ پولیو وائرس آج بھی ہمارے ماحول میں موجود ہے اور بچوں کو اس موذی مرض سے محفوظ رکھنے کے لیے والدین کو اپنی ذمہ داری پوری کرنی ہوگی۔ انہوں نے زور دیا کہ والدین اپنے بچوں کو ہر حال میں پولیو کے قطرے ضرور پلائیں تاکہ ان کا مستقبل محفوظ بنایا جا سکے۔
سید مصطفیٰ کمال نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ حکومت پولیو کے مکمل خاتمے کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لا رہی ہے اور میڈیا کو عوامی شعور اجاگر کرنے میں کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔