اسلام آباد: (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی )وزیرِاعظم محمد شہباز شریف سے جاپان بینک فار انٹرنیشنل کوآپریشن (JBIC) کے ڈائریکٹر جنرل مائننگ اینڈ میٹلز فنانس ڈپارٹمنٹ، مسٹر تارو کاٹو نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
ملاقات میں پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون، سرمایہ کاری کے مواقع، بالخصوص معدنیات اور توانائی کے شعبے میں مشترکہ منصوبہ جات پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔ وزیرِاعظم نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری کے فروغ اور معیشت کی مضبوطی کے لیے جاپانی اداروں کے ساتھ قریبی تعلقات کو اہمیت دیتا ہے۔
انہوں نے جاپانی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موجود معدنی وسائل اور توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دی اور یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کو تمام ممکنہ سہولیات اور تحفظ فراہم کرے گی۔
مسٹر تارو کاٹو نے اس عزم کا اظہار کیا کہ جاپان بینک فار انٹرنیشنل کوآپریشن پاکستان میں سرمایہ کاری کے امکانات کو مزید بڑھانے کے لیے قریبی تعاون جاری رکھے گا۔
