پٹنا: بھارتی ریاست بہار میں فوجی اہلکاروں کی جانب سے مراعات اور بنیادی ضروریات کی عدم فراہمی کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہروں میں سابق اور حاضر سروس فوجی اہلکار شریک ہیں، جنہوں نے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے حقوق فوری طور پر پورے کیے جائیں۔
پٹنا میں احتجاج کرتے ہوئے اہلکاروں نے خبردار کیا کہ اگر ان کے مطالبات تسلیم نہ کیے گئے تو یہ احتجاج پورے ملک میں پھیل جائے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق مظاہرین کا کہنا ہے کہ انہیں نہ صرف بنیادی سہولتوں سے محروم رکھا جا رہا ہے بلکہ ڈیوٹی کے دوران جانوں کا نقصان بھی ہو رہا ہے۔
فوجی یونین کے مطابق ڈائل-112 کو فعال بنانے کے بعد سے اب تک 15 سابق فوجی ڈیوٹی کے دوران جاں بحق ہو چکے ہیں۔ یونین کا کہنا ہے کہ ڈائل-112 میں تعینات سابق فوجیوں کو فلاحی سہولتیں فراہم نہیں کی جاتیں، جس کی وجہ سے ان میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔
احتجاجی اہلکاروں نے مطالبہ کیا ہے کہ حکومت فوری طور پر سابق فوجیوں کے لیے فلاحی پیکج کا اعلان کرے اور سروس کے دوران ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کو معاوضہ فراہم کیا جائے۔
