واشنگٹن: امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے بعض نئے ایچ ون بی ویزا درخواست گزاروں پر عائد ایک لاکھ ڈالر فیس کی شرط میں مزید ایک سال کی توسیع کردی ہے۔ وہائٹ ہاؤس کے مطابق یہ پابندی اب ستمبر 2027 تک برقرار رہے گی۔
نئے حکم کے تحت امریکہ سے باہر موجود بعض ایچ ون بی درخواست گزاروں کو ویزا درخواست کے ساتھ ایک لاکھ ڈالر ادا کرنا ہوں گے، تاہم مخصوص حالات میں قومی مفاد کی بنیاد پر استثنا دیا جاسکتا ہے۔ یہ پالیسی پہلی بار ستمبر 2025 میں نافذ کی گئی تھی۔ ٹرمپ انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پروگرام کے بعض حصوں کا غلط استعمال ہوا اور کم اجرت والے غیر ملکی کارکنوں کے ذریعے امریکی ملازمین متاثر ہوئے۔
وہائٹ ہاؤس کے مطابق موجودہ ایچ ون بی ویزا رکھنے والوں اور امریکہ میں پہلے سے موجود غیر ملکی گریجویٹس کے لیے مخصوص استثنائی صورتیں برقرار ہیں۔ حکومت نے درخواستوں کی جانچ مزید سخت کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے، خصوصاً ان کمپنیوں کے معاملے میں جہاں امریکی ملازمین کی حالیہ یا متوقع برطرفیاں ہوں۔
پالیسی کو قانونی چیلنج بھی درپیش ہے اور بوسٹن کی ایک وفاقی عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل زیرِ سماعت ہے۔ ایچ ون بی پروگرام ٹیکنالوجی کی صنعت کے لیے خاص اہمیت رکھتا ہے اور ہندوستان و چین سے ہنرمند کارکنوں کی بھرتی میں اس کا بڑا کردار رہا ہے۔ نئی پالیسی سے امریکی کمپنیوں کی بھرتی اور کاروباری منصوبہ بندی متاثر ہونے کا امکان ہے۔

