ارل اسپینسر پیئرز مورگن کی قانونی دھمکی کے بعد ڈائنا کی سوانح عمری میں ترمیم کریں گے

Inquilab 20260923 215805 0000 d


لندن — شہزادی ڈائنا کے بھائی ارل اسپینسر اپنی نئی کتاب "سوان سونگ: ڈائنا، مائی سسٹر” میں ترمیم کریں گے، جس کے بعد براڈکاسٹر پیئرز مورگن نے قانونی کارروائی کی دھمکی دی تھی۔
۲۲ ستمبر کو ریلیز ہونے والی اس سوانح عمری کے ایک اقتباس میں یہ اشارہ دیا گیا تھا کہ ڈیلی مرر کے سابق ایڈیٹر ۱۹۹۳ء میں جم میں لیوٹارڈ پہنے شہزادی ڈائنا کی خفیہ تصاویر کی اشاعت کے ذمہ دار تھے۔ مورگن نے واضح کیا کہ وہ اس وقت ‘دی سن’ میں کام کر رہے تھے اور ۱۹۹۵ء تک ڈیلی مرر میں شامل نہیں ہوئے تھے۔
مورگن نے اسپینسر کے اس بیان پر بھی اعتراض کیا جس میں انہیں ڈائنا کے جنازے سے متعلق فون کال میں "کھڑوس” قرار دیا گیا۔ ابتدا میں مورگن نے سوانح کی باقی کاپیاں تلف کرنے اور فروخت روکنے کا مطالبہ کیا۔
اسپینسر نے معافی مانگتے ہوئے کہا کہ بطور مورخ درستگی ان کیلئے اہم ہے، اور تسلیم کیا کہ مورگن کے کردار سے متعلق ان کا قیاس غلط تھا — البتہ وہ "کھڑوس” والے بیان پر قائم رہے۔ ‘دی ٹائمز’ کے مطابق کتاب کے آئندہ ایڈیشنز درست کیے جائیں گے۔
معافی کے باوجود مورگن نے بی بی سی ریڈیو ۴ کو بتایا کہ وہ قانونی کارروائی جاری رکھیں گے، اور وکلاء کو اسپینسر و پبلشر پینگوئن دونوں کو خط بھیجنے کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے جھوٹا دعویٰ ہٹانے اور کنگز ٹرسٹ کو ہرجانہ ادا کرنے کا مطالبہ کیا۔
یہ کتاب پہلے ہی متنازع ہے کیونکہ اس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ۱۹۹۷ء میں ڈائنا کی موت کے بعد شاہ چارلس نے کہا تھا "ہم انہیں جلد بھول جائیں گے۔” بکنگھم پیلس نے کتابوں پر براہ راست تبصرہ کرنے سے گریز کیا۔

متعلقہ پوسٹ