نیتن یاہو کی اقوام متحدہ آمد پر نیویارک میں 103 افراد گرفتار

untitled 91790362340 0


اسرائیلی وزیراعظم بنیامین نیتن یاہو کے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کے موقع پر نیویارک میں مختلف احتجاجی مظاہرے کیے گئے جس کے دوران پولیس نے 100 سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا۔

الجزیرہ کے مطابق امریکی شہر نیویارک میں جمعرات کو سیکڑوں مظاہرین نے اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کے قریب دھرنا دیا اور سڑک کا ایک حصہ ٹریفک کے لیے بند کردیا تھا اور پولیس سے مڈبھیڑ بھی ہوئی تھی۔

نیویارک پولیس نے بتایا کہ 103 افراد کو امنِ عامہ میں خلل ڈالنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تاہم بعد ازاں تمام افراد کو رہا کردیا گیا جبکہ مظاہرے کے منتظمین کا کہنا تھا کہ گرفتار ہونے والوں میں 9 منتخب عہدیدار اور انتخابی امیدوار بھی شامل تھے۔

یہ احتجاج یہودی تنظیم جیوش وائس فار پیس اور نیویارک ڈیموکریٹک سوشلسٹس آف امریکا کی قیادت میں کیا گیا تھا جس میں منتظمین کے مطابق 400 سے زائد افراد شریک ہوئے تھے۔

احتجاج کے دوران مظاہرین نے غزہ میں جاری جنگ اور امریکا کی جانب سے اسرائیل کو فوجی امداد کی فراہمی کے خلاف نعرے لگائے۔ مظاہرین نے اقوام متحدہ اور امریکی حکومت سے غزہ کی صورتحال پر مزید اقدامات کا مطالبہ کیا تھا۔

بعد ازاں فلسطینی یوتھ موومنٹ اور دی پیپلز فورم کے زیر اہتمام ایک الگ مارچ بھی کیا گیا جس میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور اقوام متحدہ کے ہیڈکوارٹرز کی جانب مارچ کیا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم نیتن یاہو نے اپنے جنرل اسمبلی خطاب میں غزہ میں اسرائیلی کارروائیوں پر نسل کشی کے الزامات مسترد کرتے ہوئے اسے صدی کا سب سے بڑا جھوٹ قرار دیا تھا۔

 





Source link

متعلقہ پوسٹ