نیویارک: نیویارک کے میئر ظہران ممدانی نے فلسطین کے علاقے غزہ سے تعلق رکھنے والے خاندانوں کے ساتھ اپنی سرکاری رہائش گاہ گریسی مینشن میں زیتون کا پودا لگایا۔
ممدانی نے اس موقع کی ویڈیو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ دعا ہے امن ہمارا مستقبل ہو۔ ان کے مطابق غزہ سے آنے والے فلسطینی خاندانوں کے ساتھ گریسی مینشن میں عشائیہ کیا گیا، جس کے بعد زیتون کا پودا لگایا گیا۔ میئر کے دفتر کے مطابق تقریب میں ایسے فلسطینی نیویارکرز بھی شریک تھے جن کے اہل خانہ غزہ میں جاں بحق ہوئے، جبکہ بعض مہمان جنگ کے باعث اپنے گھروں سے بے گھر ہوئے تھے۔

