بھارتی کرکٹ لیجنڈ سچن ٹنڈولکر نے اوپن اے آئی کے ساتھ نئی شراکت داری کا اعلان کردیا جس کے تحت وہ بھارت میں لوگوں کو روزمرہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں چیٹ جی پی ٹی کے استعمال کے طریقے دکھائیں گے۔
سچن ٹنڈولکر نے پیر کو شراکت داری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس حوالے سے کچھ دلچسپ چیزیں سامنے آنے والی ہیں جنہیں شیئر کرنے کے لیے بے تاب ہوں۔ انہوں نے بتایا کہ ٹیکنالوجی کے حوالے سے ہمیشہ متجسس رہا ہوں اور چیٹ جی پی ٹی نے سیکھنے کے عمل کو مزید بڑھایا ہے۔
سچن کے مطابق انہوں نے چیٹ جی پی ٹی کو عملی مقاصد کے لیے بھی استعمال کیا، حتیٰ کہ اپنے خاندان کے آخری سفر کی منصوبہ بندی میں بھی اس ٹیکنالوجی سے مدد لی، یہ شراکت داری سچن ٹنڈولکر کے کمرشل پارٹنرشپس میں ایک اور بڑا اضافہ ہے۔
دوسری جانب اوپن اے آئی نے بھارتی کرکٹ سے بھی اپنا تعلق مضبوط کیا ہے، رواں ماہ بی سی سی آئی نے بھارت کی ہوم کرکٹ کے لیے دو سیزنز، یعنی مارچ 2028 تک، چیٹ جی پی ٹی کو ایسوسی ایٹ پارٹنر بنانے کا اعلان کیا تھا۔

