کوالالمپور،): ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کی اہلیہ اور ملک کی ابتدائی خاتون ڈاکٹروں میں شامل سیتی حسما محمد علی پیر کو 100 سال کی عمر میں انتقال کر گئیں۔ سابق وزیر اعظم کے دفتر نے ان کے انتقال کی تصدیق کی ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی برناما نے ان کے بیٹے مخزانی مہاتیر کے حوالے سے بتایا کہ سیتی حسما نے پیر کی صبح کوالالمپور کے نیشنل ہارٹ انسٹی ٹیوٹ (IJN) میں آخری سانس لی۔ ان کے پسماندگان میں 101 سالہ مہاتیر محمد اور سات بچے شامل ہیں۔
وزیر اعظم انور ابراہیم نے مہاتیر محمد اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کی۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر انہوں نے کہا کہ وہ مرحومہ تون ڈاکٹر سیتی حسما محمد علی کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کرتے ہیں اور قوم انہیں ایک ماں جیسی شخصیت کے طور پر یاد رکھے گی اور ان کی خدمات کی قدر کرے گی۔ انور ابراہیم نے بتایا کہ انہوں نے حکام کو ہدایت دی ہے کہ ان کی تدفین مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ کی جائے۔
سیتی حسما 1926 میں ریاست سیلانگور کے شہر کلانگ میں پیدا ہوئیں۔ وہ ملایا میں ڈاکٹر بننے والی ابتدائی ملائی خواتین میں شامل تھیں۔ انہوں نے 1955 میں سنگاپور کے کنگ ایڈورڈ ہفتم کالج آف میڈیسن سے گریجویشن کیا اور بعد ازاں ماں اور بچے کی صحت اور دیہی عوامی صحت کے شعبوں میں وسیع خدمات انجام دیں۔ ان کی شادی 1956 میں مہاتیر محمد سے ہوئی اور جوڑے نے رواں سال اگست میں شادی کی 70 ویں سالگرہ منائی۔ مہاتیر محمد 1981 سے 2003 تک اور پھر 2018 سے 2020 تک ملائیشیا کے وزیر اعظم رہے۔

