کیلیفورنیا میں عید الفطر اور عید الاضحیٰ سرکاری ریاستی تعطیلات قرار

eid 290926 d


کیلیفورنیا: امریکی ریاست کیلیفورنیا نے عید الفطر اور عید الاضحیٰ کو سرکاری طور پر ریاستی تعطیلات کے طور پر تسلیم کر لیا ہے۔ گورنر گیون نیوزم کے دستخط کے بعد یہ قانون نافذ العمل ہو گیا ہے۔
اتوار کو دستخط کیے گئے اسمبلی بل 2017 کے تحت دونوں تہواروں کو ریاست کے سرکاری تعطیلاتی کیلنڈر میں شامل کر دیا گیا ہے۔ نئے قانون کے مطابق پبلک اسکول اور کمیونٹی کالج موجودہ مقامی طریقہ کار کے ذریعے ان دنوں میں بند رہ سکیں گے، جبکہ اہل ریاستی ملازمین کو ان تعطیلات پر ہالیڈے کریڈٹ بھی دیا جائے گا۔
قانون میں کہا گیا ہے کہ ان تہواروں کو ریاستی تعطیلات نامزد کرنا ایک سول کیلنڈر کا فیصلہ ہے جو کیلیفورنیا کی کمیونٹیز کے لیے ان کی ثقافتی اہمیت کو تسلیم کرتا ہے۔
عید الفطر رمضان المبارک کے اختتام پر منائی جاتی ہے، جبکہ عید الاضحیٰ حج کے موقع پر قربانی اور ایثار کی یاد میں منائی جاتی ہے۔ دونوں تہوار دنیا بھر کے ڈیڑھ ارب سے زائد مسلمانوں کے لیے اہمیت رکھتے ہیں۔
کیلیفورنیا امریکہ کی سب سے زیادہ آبادی والی ریاست ہے جہاں لاکھوں مسلمان آباد ہیں، اور مسلم برادری طویل عرصے سے عیدین کو سرکاری سطح پر تسلیم کرنے کا مطالبہ کر رہی تھی۔ مسلم امریکی تنظیموں اور انسانی حقوق کے گروپوں نے قانون کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مذہبی ہم آہنگی اور تنوع کے احترام کی جانب اہم قدم قرار دیا ہے۔
مبصرین کے مطابق اس فیصلے سے مسلم طلبہ اور ملازمین کو اپنی مذہبی تقریبات سہولت کے ساتھ منانے کا موقع ملے گا اور بین المذاہب احترام کو فروغ ملے گا۔ توقع ہے کہ دیگر ریاستیں بھی اسی طرح کے اقدامات پر غور کریں گی۔

متعلقہ پوسٹ