صدر مملکت سے وزیراعظم کی ملاقات، حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد پی ٹی آئی سے ملاقات کرے گا
موجودہ سیاسی معاملات پر مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
اسلام آباد: صدر مملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہباز شریف نے ایوان صدر اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا۔
اعلامیے کے مطابق صدر آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف کی ملاقات میں ملکی سلامتی کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جب کہ ملاقات کے دوران خیبر پختونخوا میں سیکیورٹی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا گیا اور دہشت گردی کے خلاف قومی عزم کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ ملاقات میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر بھی گفتگو ہوئی اور موجودہ سیاسی معاملات پر مذاکرات کے لیے پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ حکومت اور پیپلزپارٹی کا مشترکہ وفد کل پی ٹی آئی قیادت سے ملاقات کرے گا جس میں موجودہ سیاسی صورتحال اور باہمی امور پر مذاکرات ہوں گے۔
مشترکہ حکومتی و پیپلزپارٹی وفد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان امیر مقام شامل ہوں گے۔ پیپلزپارٹی کی جانب سے سینیٹر شیری رحمان، نوید قمر اور اعجاز جاکھرانی بھی مشترکہ وفد کا حصہ ہوں گے۔
یاد رہے کہ صدر اور وزیراعظم کی ملاقات میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک تھے۔
علاوہ ازیں ملاقات میں وزیراعظم کے مشیر رانا ثناء اللہ، اٹارنی جنرل آف پاکستان منصور عثمان اعوان اور وزیراعظم کے مشیر توقیر شاہ بھی موجود تھے۔
اعلامیے میں مزید بتایا گیا ہے کہ سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور صوبائی وزیر ناصر حسین شاہ نے بھی ملاقات میں شرکت کی۔
ملاقات میں ملک کو درپیش سیکیورٹی چیلنجز، بالخصوص دہشت گردی کے خلاف اقدامات اور سیاسی صورتحال پر مشاورت کی گئی۔
حکومت اور پیپلزپارٹی کے مشترکہ وفد کی پی ٹی آئی قیادت سے ہونے والی ملاقات میں موجودہ سیاسی صورتحال پر مذاکرات کیے جائیں گے جس کے ذریعے سیاسی معاملات پر بات چیت کو آگے بڑھانے کی کوشش کی جائے گی۔

