اسلام آباد میں معرکہ حق میں پاکستان کی عظیم الشان فتح کی علامت ’یادگار فتح‘ کی پروقار عوامی تقریب رونمائی منعقد ہوئی، جس میں عوام نے بھرپور شرکت کی اور کہا گیا یہ قوم کے عزم، شجاعت اور تابناک تاریخ کا نشان ہے، یہ معرکہ حق کی یاد اور شہدا و غازیوں کو خراج عقیدت کی علامت ہے۔
اے پی پی کے مطابق وزارت اطلاعات و نشریات اور کيپٹل ڈیولپمنٹ اتهارٹی کے باہمی اشتراک سے منعقدہ تقریب میں دفاع وطن کی عظیم داستان کی عکاس اس یاد گار کو اب عوام کے لیے کھول دیا گیا ہے، اس پرجوش اور رنگا رنگ تقریب میں موسیقی کا پروگرام اور شان دار پروجیکشن میپنگ شو پیش کیا گیا جس میں معرکہ حق میں فتح کو اجاگر کیا گیا۔
وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ یادگار فتح کا یہ یادگاری نشان قوم کی اس فتح کی علامت ہے جس کی بنیاد جرات، بہادری اور غیر متزلزل عزم پر رکھی گئی ہے اور انہوں نے ‘یادگار فتح’ کے افتتاح کو قوم اور آنے والی نسلوں کے لیے باعث فخر لمحہ قرار دیا۔
تقریب کے دوران پروجیکشن میپنگ ٹیکنالوجی کے ذریعے شرکا کو یادگار فتح کی تعمیر کی مکمل کہانی بھی نہایت خوب صورت انداز میں پیش کی گئی جس میں یادگار فتح کی تعمیر میں شامل غیرمعمولی ٹیم اور یادگار کی تعمیر کے آغاز سے تکمیل تک کے سفر کو اجاگر کیا گیا۔
دستاویزی فلم میں بتایا گیا کہ یادگار میں پانچ محرابیں تعمیر کی گئی ہیں جو اسلام کے پانچ ارکان کی علامت ہیں، یہ محرابیں پاکستان کے پانچ ستونوں کی بھی نمائندگی کرتی ہیں جن میں حکومت، عسکری قوت، میڈیا، عوام اور قومی نظریہ شامل ہیں، یادگار کا ڈیزائن پاکستان کی مسلح افواج کی تینوں سروسز یعنی بری فوج، پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے ساتھ ساتھ سائبر دفاع اور خلائی جنگ کی بھی عکاسی کرتا ہے۔
عوامی حلقوں اور ماہرین نے جدید ٹیکنالوجی اور منفرد فن تعمیر کے اس عظیم شاہکار کو غیر متزلزل قومی عزم کی لازوال علامت قرار دیا ہے، اس یادگار کو دور جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے اس میں پروجیکشن میپنگ کا جدید ترین نظام نصب کیا گیا ہے، اس نظام کی بدولت روشنی، موسیقی اور فن تعمیر کا ایک ایسا حسین امتزاج تخلیق کیا گیا ہے جو دیکھنے والوں کو سحر زدہ کر دیتا ہے۔
تقریب میں مختلف شعبہ ہائے حیات سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی، جن میں سماجی و سیاسی شخصیات کے علاوہ کھیلوں کی دنیا سے چاچا کرکٹ اور دیگر نمایاں کھلاڑی بھی موجود تھے۔
پاکستان شطرنج فیڈریشن کے سربراہ ذیشان نقوی نے شطرنج کے گولڈ میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے ساتھ تقریب میں شرکت کی، مختلف اسکولوں، کالجوں اور جامعات کے طالب علموں نے بھی اپنے یونیفارم میں شرکت کی۔
قومی کرکٹر رضا اللہ نے پاکستان کی مسلح افواج کی بہادری اور گراں قدر قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ہماری افواج نے ماضی میں بھی دشمن کو عبرت ناک شکست دی ہے اور آئندہ بھی اسی طرح شکست فاش دی جائے گی، پاکستانی ہونے پر بے حد فخر محسوس کرتا ہوں۔
اس موقع پر چاچا کرکٹ نے معرکہ حق میں شان دار فتح پر پوری قوم کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ مادر وطن کے لیے ہزاروں جانیں بھی نچھاور ہیں، آج پاکستان نے اپنی کامیابیوں کی بدولت پوری دنیا میں ایک نمایاں مقام حاصل کر لیا ہے۔
عوام کے لیے اس حوالے سے آگاہ کیا گیا کہ اتوار سے یادگار فتح پیر کے علاوہ تمام دنوں میں شام 5 سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلی رہے گی، یادگار کی سیر کے لیے مفت ٹکٹ ویب سائٹ Yadgarefatah.netکے ذریعے حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
Source link

