وزیراعظم کی تمام وفاقی وزارتوں کو ڈیجیٹل نیشن پاکستان کے تحت ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن مکمل کرنے کی ہدایت


اسلام آباد، رپورٹ محمد سلیم سے ) – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے تمام وفاقی وزارتوں کو ہدایت کی ہے کہ متعلقہ اعداد و شمار کی قومی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر فراہمی کے لیے بروقت ضروری اقدامات مکمل کیے جائیں۔ وہ ڈیجیٹل نیشن پاکستان پروگرام پر پیشرفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کر رہے تھے۔
وزیراعظم نے کہا کہ قومی سطح کا مرکزی ڈیٹا سینٹر حکومتی خدمات اور شہری سہولیات کی فراہمی میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔ ان کے مطابق وزارتوں کی کارکردگی اور اعداد و شمار کی ڈیجیٹائزیشن کرپشن اور ادارہ جاتی بدنظمی کے سدباب میں اہم ہے، جبکہ تمام شعبوں کے ڈیٹا کی ایک جگہ فراہمی معاشی ترقی میں معاون ثابت ہوتی ہے۔
انہوں نے مستحق طبقے کے لیے فیول سبسڈی سکیم پر کامیاب عمل درآمد میں اداروں کے مابین ڈیٹا کی شراکت کو کلیدی قرار دیا۔ وزیراعظم نے صوبائی حکومتوں کے تعاون سے یونیورسل میڈیکل ریکارڈ کی تیاری پر وزارت صحت کے اقدامات اور معیاری ادویات کی فراہمی کے لیے کیو آر کوڈ کے نفاذ کو بھی سراہا۔
اجلاس میں وفاقی وزارتوں نے اپنی عوامی خدمات اور مرکزی ڈیٹا سینٹر میں ڈیٹا کی فراہمی پر بریفنگ دی۔ وزارت صحت نے ڈیٹا کی فراہمی اور ادویات کی معیاری تصدیق میں ڈیجیٹائزیشن کے استعمال پر خصوصی بریفنگ دی۔
وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی نے بتایا کہ وہ تمام متعلقہ وزارتوں کے تعاون سے شعبہ جاتی ڈیجیٹائزیشن پر کام کر رہی ہے، جس میں صحت، زراعت اور دیگر بنیادی سہولیات کے شعبوں کو ترجیح دی جا رہی ہے۔ وزارت قانون کے تعاون سے قومی قوانین کو ایک جگہ فراہم کرنے کے اقدامات بھی جاری ہیں تاکہ مستقبل میں قانون سازی کے لیے بہتر رہنمائی مل سکے۔ ڈیجیٹل حکومتی خدمات، ڈیجیٹل معیشت اور ڈیجیٹل عوامی سہولت کے مقاصد کے لیے ترجیحی شعبوں پر کام جاری ہے۔
وزیراعظم نے تمام وفاقی وزارتوں کو صوبائی حکومتوں اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ڈیٹا کی ڈیجیٹائزیشن معینہ مدت کے اندر مکمل کرنے کی خصوصی ہدایت کی۔
اجلاس میں وفاقی وزراء اعظم نذیر تارڑ (قانون)، محمد اورنگزیب (خزانہ)، احد چیمہ (اقتصادی امور)، جام کمال خان (کامرس)، عطاء اللہ تارڑ (اطلاعات و نشریات)، سید مصطفی کمال (قومی صحت)، شزا فاطمہ خواجہ (انفارمیشن ٹیکنالوجی) اور متعلقہ سرکاری اداروں کے عہدیداران نے شرکت کی۔

متعلقہ پوسٹ