لاہور:
ٹریفک پولیس نے رات گئے ون ویلنگ، ریسنگ اور سڑکوں پر ہلڑبازی کرکے خوف و ہراس پھیلانے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے 7 ون ویلرز کو گرفتار کرلیا اور مقدمات درج کرلیے۔
ترجمان لاہور ٹریفک پولیس کے مطابق ایئرپورٹ سرکل سے 6 جبکہ گلبرگ سرکل سے ایک ون ویلر کو گرفتار کیا گیا۔
ڈیفنس فیز 6 میں گاڑی پر ہولیس فلیشر لائٹس لگانے والے شہری کے خلاف بھی مقدمہ درج کرکے اسے تھانے منتقل کردیا گیا۔
ٹریفک پولیس نے آدھی رات کے وقت سی بی ڈی بلیوارڈ، ڈیفنس بلیوارڈ، ڈیفنس فیز 6 اور کینال روڈ پر خصوصی ٹیمیں تعینات کی تھیں۔
شہریوں کی جانب سے ون ویلنگ، ریسنگ اور شور شرابے کی متعدد شکایات موصول ہوئی تھیں، جبکہ بعض ون ویلرز نے اپنی سرگرمیوں کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر بھی اپ لوڈ کی تھیں۔
چیف ٹریفک افسر سید عبدالرحیم شیرازی کے مطابق سوشل میڈیا اور دیگر ڈیٹا کی مدد سے فرار ہونے والے ون ویلرز کے خلاف بھی کارروائی کی جائے گی۔
انہوں نے واضح کیا کہ ون ویلنگ، تیز رفتاری، اوور اسپیڈنگ اور سڑکوں پر خوف و ہراس پھیلانے کی کسی کو اجازت نہیں دی جائے گی۔

