دنیا کی تاریخ صرف بادشاہوں، جنگ، فتوحات اور شکست کی تاریخ نہیں ہے۔ اس تاریخ کا ایک بڑا حصہ ان لوگوں کی سرگرمیوں سے بھی عبارت ہے جو پس پردہ رہ کر سلطنتوں کے فیصلوں، حکمرانوں کی حکمت عملی اور قوموں کی تقدیر پر اثرانداز ہوتے رہے ہیں۔ یہ جاسوس تھے، مخبر تھے، خفیہ ایجنٹ تھے اور کبھی کبھی ایسے کردار بھی جنھیں تاریخ نے غدار کہا اور کبھی غیرمعمولی ذہانت کا حامل قرار دیا۔
جاسوسی انسانی تہذیب جتنی ہی قدیم ہے۔سلطنت جہاں وجود میں آئی، وہاں اس سلطنت کو محفوظ رکھنے اور دشمنوں کے منصوبوں سے آگاہی حاصل کرنے اور انھیں کمزور کرنے کے لیے معلومات حاصل کرنے کی ضرورت بھی پیدا ہوئی۔
گزشتہ دنوں ایک امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ جینسن ہوانگ اور ایک چینی خاتون ایلس ہوانگ کے مبینہ تعلقات اور جاسوسی کے الزامات نے ایک مرتبہ پھر دنیا کو اس حقیقت کی طرف متوجہ کیا ہے کہ جدید دور میں جاسوسی کے طریقے کتنے پیچیدہ ہو چکے ہیں۔
امریکی انٹیلی جنس اداروں کے حوالے سے شائع ہونے والی خبروں میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایلس ہوانگ کے چینی انٹیلی جنس سے روابط تھے اور ان کا مقصد امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ تک رسائی حاصل کرنا اور ممکنہ طور پر اہم معلومات جمع کرنا تھا۔ جینسن ہوانگ نے ذاتی تعلق کا اعتراف کیا ہے اور کمپنی کے بورڈ نے معاملے کی آزادانہ تحقیقات شروع کی ہیں تاہم ابھی تک یہ ثابت نہیں ہوا کہ کمپنی کی خفیہ معلومات کو یا امریکی قومی سلامتی کو کوئی نقصان پہنچا ہے یا نہیں۔ چین نے ان الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ہے۔
اس واقعے کی اہمیت محض ایک ارب پتی کاروباری شخصیت کی نجی زندگی تک محدود نہیں۔ امریکی ٹیکنالوجی کمپنی مصنوعی ذہانت کے لیے انتہائی اہم کمپیوٹر چپس تیار کرتی ہے۔ یہ چپس آج کی عالمی معیشت، دفاعی ٹیکنالوجی، سائنسی تحقیق اور مصنوعی ذہانت کی ترقی میں بنیادی کردار ادا کر رہی ہے۔
امریکا اور چین کے درمیان اصل مقابلہ بھی اب صرف روایتی فوجی طاقت کا نہیں بلکہ سیمی کنڈکٹرز، مصنوعی ذہانت اور جدید ٹیکنالوجی پر اجارہ داری کا ہے۔ ایسے میں ایک بڑی ٹیکنالوجی کمپنی کے سربراہ تک رسائی کسی بھی ریاست کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھ سکتی ہے۔
جاسوسی کی یہ کہانی نئی نہیں ہے۔ تقریباً ڈھائی ہزار سال پہلے چین کے عظیم عسکری مفکر سن زو نے اپنی کتاب ’’دی آرٹ آف وار‘‘ میں جاسوسی پر ایک پورا باب مختص کیا تھا۔ ان کے نزدیک جنگ میں کامیابی کے لیے فوجی طاقت کے ساتھ دشمن کی منصوبہ بندی، ارادوں اور کمزوریوں سے آگاہی بھی اتنی ہی ضروری ہے۔ سن زو نے واضح کیا کہ درست معلومات ایک بڑی کامیابی کا راستہ ہموار کر سکتی ہیں۔
قدیم ہندوستان میں چانکیہ نے بھی اپنی سیاسی اور انتظامی فکر میں جاسوسی کو ریاستی حکمت عملی کا لازمی جزو قرار دیا۔ ان کے نزدیک بادشاہ کو اپنے بیرونی مخالفین ہی نہیں بلکہ اپنے درباریوں اور شاہی انتظامی مشینری کی سرگرمیوں سے بھی باخبر رہنا چاہیے۔
چانکیہ کے ہاں جاسوسی محض جنگ کا ہتھیار نہیں بلکہ سلطنت کے اندر استحکام برقرار رکھنے کا ایک مستقل ذریعہ تھی۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ قدیم دنیا میں بھی بڑی سلطنیتیں خفیہ معلومات کو طاقت سمجھتی تھیں۔
رومی سلطنت میں بھی مخبروں اور خفیہ اطلاعات کا وسیع نظام موجود تھا۔ دوردراز علاقوں کے حالات، بغاوتوں اور سیاسی سازشوں سے روم کو آگاہ رکھنے کے لیے پوری دنیا میں رومی خفیہ کردار سرگرم عمل رہتے تھے ۔ تاریخ میں کئی مرتبہ ایسا ہوا کہ کسی سلطنت کی شکست کا سبب دشمن کی فوجی طاقت سے زیادہ اس کے اپنے اندر موجود غدار مخبروں کی فراہم کردہ غلط معلومات بنی۔
یورپ میں جاسوسی نے ایک منظم ادارہ جاتی شکل اس وقت اختیار کی جب جدید قومی ریاستیں مضبوط ہوئیں۔ انگلستان کی ملکہ الزبتھ اول کے دور میں سر فرانسس والسنگھم نے ایک ایسا خفیہ نیٹ ورک قائم کیا جس کے ذریعے دربار کے مخالفین، بیرونی طاقتوں کی سرگرمیوں اور سیاسی سازشوں پر نظر رکھی جاتی تھی۔ اس نظام نے نہ صرف برطانیہ کو کئی خطرات سے محفوظ رکھنے میں مدد دی بلکہ یورپی سیاست میں منظم انٹیلی جنس کی اہمیت بھی واضح کی۔
برطانوی نوآبادیاتی نظام کی کامیابی کا انحصار بھی جاسوسی نیٹ ورک پر تھا۔ برصغیر پاک وہند میں ایسٹ انڈیا کمپنی اور بعد میں برطانوی حکومت نے مقامی رجواڑوں، مذہبی رہنماؤں اور آزادی کی تحریک پر نظر رکھنے کے لیے خفیہ اطلاعات کا وسیع نیٹ ورک پھیلایا۔ 1857 کی جنگ آزادی کے بعد برطانوی حکومت نے نگرانی اور اطلاعات جمع کرنے کے نظام کو مزید وسعت دی۔ یوں یہ نیٹ ورک نوآبادیاتی اقتدار کو برقرار رکھنے کا ایک اہم ذریعہ بن گیا۔
بیسویں صدی میں دو عالمی جنگوں نے جاسوسی کی اہمیت کو کئی گنا بڑھا دیا۔ پہلی جنگ عظیم کے دوران خفیہ پیغامات کی ڈی کوڈنگ اور دشمن کی نقل وحرکت کی معلومات نے جنگ کے نتائج پر اثر ڈالا۔ دوسری جنگ عظیم میں برطانوی ادارے جرمن فوج کے خفیہ مواصلاتی نظام کے کوڈ توڑنے میں کامیاب ہوئے۔ اس کامیابی نے جدید جنگ میں معلومات اور ٹیکنالوجی کی غیرمعمولی اہمیت ثابت کی۔
دوسری عالمی جنگ کے بعد دنیا دو بڑے سیاسی اور نظریاتی بلاکس میں تقسیم ہو گئی۔ امریکا اور سوویت یونین کے درمیان سرد جنگ کا آغاز ہوا۔ اس دور میں سی آئی اے اور کے جی بی عالمی سیاست کے طاقتور ترین خفیہ اداروں کے طور پر سامنے آئے۔ ان کے درمیان مقابلہ صرف فوجی معلومات حاصل کرنے تک محدود نہیں تھا بلکہ حکومتوں کی تبدیلی، سیاسی جماعتوں کی سرپرستی، پروپیگنڈا، خفیہ کارروائیوں اور مخالف ممالک کے اندر اثر ورسوخ قائم کرنے تک پھیل گیا۔
اس دور کے جاسوسوں کی کہانیاں آج بھی ناولوں، فلموں اور تاریخی دستاویزات کا موضوع ہیں۔ کئی امریکی اور برطانوی لوگ سوویت یونین کو معلومات فراہم کرتے ، اسی طرح امریکا اور برطانیہ نے سوویت نظام میں داخل ہو نے کے لیے روسی لوگوں کو استعمال کیا ۔ اس زمانے میں ذاتی تعلقات، نظریاتی وابستگی، مالی مفادات اور بلیک میلنگ سبھی جاسوسی کے ذرائع بنے۔
جاسوسی کی تاریخ کا ایک اہم پہلو عورتوں کا کردار بھی ہے۔ خواتین نے مختلف ادوار میں اطلاعات جمع کرنے، خفیہ پیغامات پہنچانے اور سیاسی نیٹ ورکس قائم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ پہلی عالمی جنگ کی مشہور جاسوسہ ماتاہری کی کہانی اس حوالے سے بہت معروف ہے۔
انھیں جرمنی کے لیے جاسوسی کے الزام میں فرانسیسی حکومت نے سزائے موت دی۔ ان کے مقدمے اور سزا کے بارے میں آج بھی تاریخی بحث جاری ہے۔ ان کی زندگی یہ سوال بھی اٹھاتی ہے کہ جاسوسی کے الزامات میں حقیقت کتنی ہوتی ہے اور سیاسی ضرورتیں کس طرح کسی فرد کی قسمت کا فیصلہ کر دیتی ہیں۔
جدید دور میں جاسوسی کی نوعیت مزید تبدیل ہو چکی ہے۔ اب کسی ریاست کو دوسری ریاست کے راز حاصل کرنے کے لیے لازماً کسی شخص کو خفیہ دستاویزات چرانے پر مامور کرنے کی ضرورت نہیں۔ کمپیوٹر نیٹ ورکس، موبائل فون، مصنوعی سیاروں، سائبر حملوں اور ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے بے پناہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔ دنیا کی بڑی طاقتیں اب ایک دوسرے کی فوجی تنصیبات ہی نہیں بلکہ بینکوں، تحقیقی اداروں، یونیورسٹیوں، ٹیکنالوجی کمپنیوں اور سیاسی نظام کو بھی اپنی نگرانی میں رکھنے کی کوشش کرتی ہیں۔
امریکی ٹیکنالوجی کمپنی کا حالیہ معاملہ اسی نئی دنیا کی ایک علامت ہے۔ مصنوعی ذہانت کی ٹیکنالوجی پر کنٹرول مستقبل کی معیشت اور دفاعی طاقت کا تعین کر سکتا ہے۔ امریکا نہیں چاہتا کہ اس کی انتہائی جدید چپس چین کی فوجی اور صنعتی ترقی میں استعمال ہوں جبکہ چین اس ٹیکنالوجی میں خود کفالت حاصل کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
اس مقابلے میں کاروباری شخصیات، سرمایہ کار سائنس دان اور ٹیکنالوجی کے ماہرین بھی عالمی سیاست کے اہم کردار بن گئے ہیں۔ چنانچہ کسی کمپنی کے سربراہ تک ذاتی رسائی بھی انٹیلی جنس کی نظر میں اہم ہو سکتی ہے۔
آج جب دنیا کے کروڑوں انسانوں کی نجی معلومات بڑی ٹیکنالوجی کمپنیوں کے پاس موجود ہیں جب ریاستیں ڈیجیٹل نگرانی کے ذریعے شہریوں کی زندگیوں تک رسائی حاصل کر سکتی ہیں اور جب مصنوعی ذہانت انسانی رویوں کا تجزیہ کرنے کے قابل ہو رہی ہے تو جاسوسی کا سوال صرف دو حریف ملکوں کے درمیان کا سوال نہیں رہا۔ یہ پوری دنیا کا سوال بھی بن چکا ہے۔

