فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے انکم ٹیکس رولز 2002 میں مزید ترامیم کردیں، جس کے تحت متاثرہ شخص کو تحریری درخواست جمع کرانا ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق انکم ٹیکس رولز 2002 میں ترامیم کرکے متبادل تنازعاتی حل سے متعلق رول 231سی تبدیل کردیا گیا ہے۔
نئے رولز کے تحت متبادل تنازعاتی حل کے لیے متاثرہ شخص کو بورڈ میں تحریری درخواست جمع کرانا ہوگی، درخواست گزار کو نامزد نمائندے کی شناختی دستاویزات اور رابطے کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، اس کے ساتھ ساتھ ٹیکس دہندہ کے نامزد نمائندے کو تین ریٹائرڈ ججوں کے نام بھی دینا ہوں گے۔
ایف بی آر نے پانچ کروڑ روپے تک کے متنازع ٹیکس واجبات پر کمیٹی چیئرمین کے لیے تین لاکھ روپے معاوضہ تجویز کیا ہے، پانچ کروڑ روپے تک کے تنازعات میں کمیٹی کے ہر رکن کے لیے ڈیڑھ لاکھ روپے، پانچ کروڑ روپے سے زائد کے متنازع ٹیکس واجبات پر چیئرمین کے لیے پانچ لاکھ روپے معاوضہ تجویز کیا گیا ہے۔
اسی طرح پانچ کروڑ روپے سے زائد کے تنازعات میں کمیٹی کے ہر رکن کے لیے ڈھائی لاکھ روپے معاوضہ تجویز کیا گیا جبکہ ان لینڈ ریونیو کے گریڈ 21 یا اس سے اعلیٰ گریڈ کے افسران معاوضے سے مستثنیٰ ہوں گے تاہم کمیٹی چیئرمین اور ارکان کو متعلقہ گریڈ کے وفاقی افسران کے مساوی ٹی اے، ڈی اے دیا جا سکے گا۔
مزید بتایا گیا کہ مخصوص انتظامی، قانونی یا طریقہ کار کے مسائل پر کمیٹی تحلیل ہونے کی صورت میں معاوضہ ادا نہیں ہوگا، کمیٹی کی تحلیل کے 15 دن کے اندر پہلے سے جمع شدہ رقم متعلقہ فریقین کو واپس کرنا ہوگی۔
ایف بی آر کے مطابق کمیٹی کے چیئرمین یا رکن کو عدم دستیابی کی صورت میں 7 دن کے اندر بورڈ کو تحریری اطلاع دینا ہوگی۔
Source link

