
(ویب ڈیسک)امریکی رکنِ کانگریس رو کھنہ کا کہنا ہے کہ مغربی کنارے میں اسرائیلی آبادکاروں کو کھلی چھوٹ حاصل ہے،واشنگٹن پوسٹ کے فوٹوگرافر پر حالیہ حملے کے بعد امریکی رکنِ کانگریس نے بیان دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو جھوٹا ہے اور اس کے ہاتھوں پر فلسطینی بچوں کا خون ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کردہ دو الگ الگ پوسٹس میں رو کھنہ نے فوٹو جرنلسٹ ہائیڈی لیوائن پر حملے کی نشاندہی کی۔
ان کے مطابق حملہ آوروں نے فوٹوگرافر کو اٹھا کر زمین پر پٹخا اور اس کے بعد انہیں مسلسل ٹھوکریں مارتے رہے۔
رو کھنہ نے اسرائیل کو دی جانے والی امریکی امداد روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں اسرائیل کی ایسی امداد بند کر دینی چاہیے جو آبادکاروں کی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہوتی ہے اور ان ہتھیاروں کی فروخت بھی روکنی چاہیے۔
انہوں نے جولائی میں پیش آنے والے اپنے ایک واقعے کا بھی حوالہ دیا اور کہا کہ مجھے نیویارک ٹائمز کے ایک فوٹوگرافر کے ہمراہ مغربی کنارے کے علاقے خربۃ زنوتہ میں اسرائیلی آبادکاروں نے حراست میں رکھا تھا، اس وقت اسرائیلی وزیراعظم نے مجھے جھوٹا قرار دیا تھا۔

