جناح سندھ میڈیکل یونیورسٹی (جے ایس ایم یو) کے طلبہ نے چھ زبانوں میں طبی تاریخ لینے کی ہینڈ بک متعارف کرادی، جس کا مقصد مختلف علاقائی زبانیں بولنے والے مریضوں اور طبی عملے کے درمیان رابطے کی رکاوٹیں دور کرنا اور درست تشخیص میں مدد فراہم کرنا ہے۔
ہینڈ بک سندھ میڈیکل کالج کے انٹرنل میڈیسن انٹرسٹ گروپ کے تحت تیار کی گئی ہے، جس میں انگریزی، اردو، سندھی، پشتو، پنجابی، بلوچی اور سرائیکی زبانوں کو شامل کیا گیا ہے۔ یہ مفت ڈیجیٹل وسیلہ طبی طلبہ کو مریضوں کی علامات سمجھنے، ان سے مؤثر گفتگو کرنے اور طبی تاریخ درست طور پر حاصل کرنے میں مدد فراہم کرے گا۔
منصوبہ شعبۂ پیتھالوجی کی ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر صدف رزاق اور پرنسپل سندھ میڈیکل کالج پروفیسر ڈاکٹر امبرین عثمانی کی نگرانی میں مکمل کیا گیا۔ ہینڈ بک کی تیاری میں سری لنکا سے تعلق رکھنے والے ایم بی بی ایس فائنل ایئر کے طالب علم اور انٹرنل میڈیسن انٹرسٹ گروپ کے سابق صدر عبدالتواب اسحاق نے کلیدی کردار ادا کیا۔
اس موقع پر جے ایس ایم یو کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر امجد سراج میمن نے کہا کہ ہینڈ بک کی تیاری کا بنیادی مقصد طبی ماحول میں زبان کی رکاوٹیں دور کرنا اور مختلف لسانی پس منظر رکھنے والے مریضوں کے ساتھ زیادہ واضح اور مؤثر رابطے کو ممکن بنانا ہے۔
سری لنکا کے قونصل جنرل سنجیوا پٹی ویلا نے عبدالتواب اسحاق کی کاوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا کام اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ علم کا حصول اور انسانیت کی خدمت قومی سرحدوں کی پابند نہیں۔
تقریب میں کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان (سی پی ایس پی) کی ڈائریکٹر ڈاکٹر سحر عباسی نے بھی شرکت کی۔ طلبہ کے مطابق ہینڈ بک مفت ڈاؤن لوڈ کے لیے آن لائن دستیاب ہے۔جیسے جے ایم یو کی ویب سائٹ سے ڈاؤن لوڈ کیا جاسکتا ہے۔

