کراچی:
نارتھ کراچی میں گھر سے بزرگ میاں بیوی کی تشدد زدہ لاشیں ملنے کے واقعے کو پانچ روز گزر جانے کے باوجود کیس میں قابل ذکر پیش رفت نہ ہوسکی۔
تفصیلات کے مطابق 14 اکتوبر کو سرسید تھانے کے علاقے نارتھ کراچی سیکٹر الیون سی ون کے گھر سے بزرگ میاں بیوی 70 سالہ یامین اور 65 سالہ اہلیہ نفیس کی تشدد زدہ لاشیں ملی تھی۔
ابتدائی پوسٹ مارٹم میں مقتولین کے سروں پر متعدد چوٹیں پائی گئی تھی اور بتایا گیا تھا کہ مقتولین کو سروں پر وزنی چیز مار کر قتل کیا گیا ہے، پولیس نے جائے وقوع سے شواہد جمع کرکے تفتیش شروع کردی تھی تاہم 5 روز گزرنے کے باوجود کیس میں قابل ذکر پیشرفت نہ ہوسکی۔
پولیس نے اطراف میں نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی مزید فوٹیجز بھی حاصل کرلیں، قتل سے پانچ چھ روز پہلے کی بھی تمام سی سی ٹی وی فوٹیجز کا بغور جائزہ لیا جارہا ہے۔
تفتیشی ذرائع کے مطابق مقتولین کے گھرمیں کام کرنے والے مزدوروں کوبھی شامل تفتیش کرلیا گیا جبکہ گھر کے اطراف روزگار کی تلاش میں آنے والے مزدوروں کے بیانات بھی لئے گئے۔
تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کے گھر سے جو موبائل فون مسنگ تھا اس کا بھی سراغ مل گیا، کینیڈا سے آتے ہی مقتول یامین نے اپنا موبائل فون ریپیئرنگ کے لیے دے دیا تھا۔
میاں بیوی ایک ہی موبائل فون استعمال کررہے تھے جو گھرسے مل گیا تھا، تفتیشی ذرائع کا کہنا ہے کہ مقتولین کے دونوں بیٹوں نے رشتہ داروں پر شک کا اظہار نہیں کیا۔

