اسلام آباد (اسٹاف رپورٹر) – وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کراچی کے گل پلازہ میں آگ لگنے کے افسوسناک واقعے پر وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور جانی نقصان پر گہرے افسوس کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے ٹیلی فون پر گفتگو کے دوران وزیراعلیٰ سندھ کو یقین دہانی کرائی کہ وفاقی حکومت صوبائی حکومت کو ہر قسم کی معاونت فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس مشکل گھڑی میں وفاقی حکومت متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ کھڑی ہے۔
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ دکھ و مصیبت کی اس گھڑی میں ہم متاثرین اور سندھ حکومت کے ساتھ ہیں۔ انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے دعا کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی تمنا کی۔
قابل ذکر ہے کہ وزیراعظم نے گزشتہ روز گل پلازہ کراچی میں آگ لگنے کا فوری نوٹس لیتے ہوئے وفاقی اداروں کو سندھ حکومت کی مکمل معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ گنجان آباد شہری علاقوں میں آگ پر بروقت قابو پانے کے لیے ایک مربوط اور مؤثر نظام انتہائی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ مستقبل میں ایسے واقعات کے تدارک کے لیے ایک جامع نظام کی تشکیل میں وفاق صوبائی حکومت کی ہر قسم کی معاونت کے لیے تیار ہے۔
وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ محفوظ عمارتی ضوابط اور فائر سیفٹی کے نظام کو یقینی بنانا حکومت کی اولین ترجیح ہونی چاہیے تاکہ آئندہ ایسے المناک واقعات سے بچا جاسکے۔

