
(ویب ڈیسک )امریکی ریاست کیلیفورنیا میں الیکٹرک گاڑیاں خریدنے والے تقریباً 12 ہزار افراد ریاستی رعایتی پروگرام سے فائدہ اٹھا چکے ہیں، ریاستی حکومت کے مطابق 270 ملین ڈالر کے اس پروگرام کے تحت اگست سے اب تک ہزاروں نئی اور استعمال شدہ الیکٹرک گاڑیاں خریدی گئی ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق یہ پروگرام کیلیفورنیا کے گورنر گیون نیوزوم نے جولائی میں قانون کی شکل دی تھی، جس کے لیے ریاستی حکومت اور گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں نے مشترکہ طور پر فنڈز فراہم کیے ہیں۔
پروگرام کے تحت پہلی مرتبہ الیکٹرک گاڑی خریدنے والے اہل شہریوں کو 50 ہزار ڈالر تک قیمت والی نئی گاڑی پر 3,500 ڈالر کی رعایت دی جارہی ہے، جبکہ 25 ہزار ڈالر تک قیمت والی استعمال شدہ الیکٹرک گاڑی خریدنے پر 1,750 ڈالر کی رعایت مقرر کی گئی ہے۔
کیلیفورنیا حکام کے مطابق اب تک اس پروگرام کے تحت 11,806 نئی اور 132 استعمال شدہ الیکٹرک گاڑیاں خریدی جاچکی ہیں، جبکہ تقریباً 70 ملین ڈالر خرچ کیے جاچکے ہیں۔ پروگرام میں اب بھی 200 ملین ڈالر کی رقم موجود ہے۔
پروگرام کے تحت خریدی گئی گاڑیوں میں ٹیسلا کے 5,658، ہنڈائی کے 1,700 اور ٹویوٹا کے تقریباً 1,400 الیکٹرک ماڈلز شامل ہیں، جبکہ جنرل موٹرز کی گاڑیوں کی تعداد تقریباً 1,100 رہی۔
یہ بھی پڑھیں:بجلی کے میٹر میں چھیڑ چھاڑ پر اب کتنے روپے ادا کرنا ہوں گے؟
رپورٹ کے مطابق پروگرام میں ٹیسلا کے ماڈلز کے لیے مختص رعایتی فنڈز ختم ہوچکے ہیں، اس اسکیم کے مجموعی 270 ملین ڈالر میں ریاستی حکومت اور شریک گاڑیاں ساز کمپنیوں نے 135.5، 135.5 ملین ڈالر فراہم کیے ہیں۔
رعایتی پروگرام کے باوجود کیلیفورنیا میں الیکٹرک گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، ریاست میں 30 ستمبر تک نئی گاڑیوں کی مجموعی فروخت میں الیکٹرک گاڑیوں کا حصہ 18 فیصد رہا، جو گزشتہ سال 23 فیصد اور 2024 میں 25 فیصد تھا۔
رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے وفاقی سطح پر الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے ٹیکس کریڈٹ اور چارجنگ پروگراموں کی معاونت ختم کردی ہے، جس سے امریکی مارکیٹ میں فروخت متاثر ہوئی ہے۔ اس کے برعکس عالمی سطح پر تیل کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے باعث الیکٹرک گاڑیوں کی فروخت میں اضافہ دیکھا جارہا ہے۔
کیلیفورنیا کا سابقہ رعایتی پروگرام 2023 میں ختم ہوا تھا، جس کے تحت ایک دہائی کے دوران 586,000 الیکٹرک گاڑیوں کی خریداری کے لیے 1.49 ارب ڈالر کی سبسڈی دی گئی تھی۔
نئے پروگرام میں نسان بھی شامل ہوچکی ہے، جبکہ مٹسوبشی نومبر سے اس میں شرکت شروع کرے گی۔ دیگر شریک کمپنیوں میں فورڈ، ہونڈا، کیا، لیکسس، لوسیڈ، ریوین، سبارو اور وولوو شامل ہیں۔

