ریاض:
سعودی عرب کے دارالحکومت ریاض کے لیے خطرے کی صورتحال ختم ہونے کا اعلان کردیا گیا جبکہ اتحادی افواج نے یمن سے سعودی عرب کے جنوبی علاقے کی جانب بھیجے گئے دو ڈرون طیارے فضا میں ہی تباہ کردیے۔
ترجمان اتحادی افواج کے مطابق دونوں ڈرون طیاروں کو ہدف تک پہنچنے سے پہلے ہی روک کر تباہ کردیا گیا۔
سعودی محکمہ شہری دفاع نے بھی اعلان کیا کہ ریاض شہر کے لیے خطرے کی صورتحال ختم ہوچکی ہے تاہم شہریوں اور مملکت میں مقیم غیر ملکیوں کو حفاظتی ہدایات پر عمل جاری رکھنے کی تاکید کی گئی ہے۔
اس سے قبل شہری دفاع نے قومی ابتدائی وارننگ پلیٹ فارم کے ذریعے ریاض میں الرٹ جاری کرتے ہوئے لوگوں کو کھلی جگہوں، شیشوں، بالکونیوں اور چھتوں سے دور رہنے کی ہدایت کی تھی۔
عمارتوں سے باہر موجود افراد کو قریبی عمارت میں پناہ لینے یا کسی مضبوط آڑ کے پیچھے محفوظ ہونے کا مشورہ بھی دیا گیا تھا۔
حکام نے شہریوں کو افواہیں پھیلانے اور غیر مصدقہ ویڈیوز شیئر کرنے سے گریز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوامی تحفظ سے متعلق صرف سرکاری ہدایات پر عمل کیا جائے۔

