ایران کے دو سینیئر سکیورٹی حکام نے خبر رساں ادارے رائٹرز کو بتایا ہے کہ تہران نے امریکا اور اسرائیل کی جانب سے دوبارہ حملوں کی صورت میں خلیج میں زیرِ سمندر بچھائی گئی مواصلاتی کیبلز کو نشانہ بنانے کے تفصیلی منصوبے تیار کرلیے ہیں۔
یہ بیان ایرانی حکام کی جانب سے ان انتباہات کے بعد سامنے آیا ہے جن میں کہا گیا تھا کہ واشنگٹن کے ساتھ سفارت کاری ناکام ہونے اور نیا تنازع شروع ہونے کی صورت میں خطے کی زیرِ سمندر کیبلز بھی ممکنہ اہداف میں شامل ہوسکتی ہیں۔
نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بات کرنے والے دونوں ایرانی حکام نے حملوں کے ممکنہ طریقہ کار یا مقامات سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کیں۔ تاہم ان میں سے ایک اہلکار کے مطابق ایران کا مقصد حملے کے بعد کیبلز کی مرمت میں رکاوٹ ڈالنا ہوگا تاکہ انٹرنیٹ کنکشنز اور دیگر مواصلاتی نظام میں پیدا ہونے والا تعطل طویل عرصے تک برقرار رہے۔

