امریکا کے محکمہ ٹرانسپورٹیشن نے ایئر فرانس اور نیدرلینڈز کی کے ایل ایم پر عراقی فضائی حدود میں امریکی پابندیوں کی خلاف ورزی پر مجموعی طور پر 4 لاکھ 25 ہزار ڈالر جرمانہ عائد کردیا ہے۔
امریکی حکام کے مطابق دونوں یورپی ایئرلائنز نے امریکی کمپنی ڈیلٹا ایئر لائنز کے کوڈ کے تحت ایسی پروازیں چلائیں جو عراق کے فضائی حدود میں مقررہ کم از کم بلندی سے نیچے پرواز کر رہی تھیں۔
امریکی محکمہ ٹرانسپورٹیشن کے مطابق ایئر فرانس پر ایک لاکھ 5 ہزار ڈالر جبکہ کے ایل ایم پر 3 لاکھ 20 ہزار ڈالر جرمانہ کیا گیا ہے۔ ایئر فرانس نے اپریل 2022 سے نومبر 2025 کے درمیان 30 سے زائد، جبکہ کے ایل ایم نے جنوری 2022 سے مئی 2025 کے دوران 100 سے زائد پروازیں بغداد فلائٹ انفارمیشن ریجن سے گزاری تھیں۔
واضح رہے کہ امریکی فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے سکیورٹی خدشات کے باعث بغداد کے فضائی خطے میں 32 ہزار فٹ سے کم بلندی پر امریکی طیاروں اور امریکی ایئرلائنز کے کوڈ کے ساتھ چلنے والی پروازوں پر پابندی عائد کر رکھی ہے۔ اس پابندی کا مقصد خطے میں جاری تنازعات، مسلح گروہوں اور زمین سے ممکنہ حملوں کے خطرے سے مسافر طیاروں کو محفوظ رکھنا ہے۔
دونوں ایئرلائنز کا مؤقف ہے کہ بعض مواقع پر عراقی فضائی ٹریفک کنٹرولرز نے انہیں ٹریفک کے باعث نیچے آنے کی ہدایت کی یا زیادہ بلندی پر جانے کی اجازت نہیں دی۔ ایئرلائنز کا کہنا ہے کہ ایسی صورت حال میں پائلٹوں کے لیے ایئر ٹریفک کنٹرول کی ہدایات پر عمل کرنا ضروری تھا اور ان پروازوں کو ہنگامی صورتحال سے متعلق استثنیٰ حاصل ہونا چاہیے تھا۔

