ڈی آئی خان میں سیکیورٹی فورسز کا آپریشن، فتنہ الخوارج کے 6 دہشت گرد ہلاک، پاک فوج کے 2 جوان شہید
شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں، ترجمان پاک فوج
ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے زرکانی میں سیکیورٹی فورسز کے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران بھارتی سرپرستی میں سرگرم فتنۃ الخوارج کے 6 دہشت گرد ہلاک ہوگئے جبکہ فائرنگ کے شدید تبادلے میں پاک فوج کے 2 جوانوں نے جام شہادت نوش کیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے زرکانی میں دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر کارروائی کی، جس کے دوران اہلکاروں اور دہشت گردوں کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس کارروائی میں 6 دہشت گرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق مقابلے میں شہید ہونے والے جوانوں میں نائب نائیک غلام مرتضیٰ اور سپاہی تاثیر احمد شامل ہیں۔ 36 سالہ نائب نائیک غلام مرتضیٰ کا تعلق ضلع گجرات سے تھا، جبکہ 30 سالہ سپاہی تاثیر احمد ضلع تلہ گنگ کے رہائشی تھے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق ہلاک دہشت گرد سیکیورٹی فورسز، قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملوں اور شہریوں کے قتل سمیت متعدد دہشت گردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق عزمِ استحکام کے تحت دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں پوری رفتار سے جاری رکھی جائیں گی۔ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کی قربانیاں دہشت گردی کے خاتمے کے قومی عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

