اسلام آباد — ڈائریکٹر جنرل نیشنل سائبر کرائم انویسٹیگیشن ایجنسی (NCCIA) سید علی ناصر رضوی کی زیر صدارت NCCIA ہیڈکوارٹر اسلام آباد میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا، جس میں کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم (CMS) اور IT انفراسٹرکچر کو مزید جدید، فعال اور عوام دوست بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس میں CMS، آئی ٹی ٹیم، ڈپٹی ڈائریکٹرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں شکایات کے ڈیجیٹل اندراج، IT انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن، ڈیٹا سیکیورٹی اور شہریوں کی سائبر کرائم سے متعلق شکایات کے فوری ازالے پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ڈائریکٹر جنرل NCCIA نے CMS اور IT ٹیم کو ہدایت دی کہ عوامی شکایات کا 100 فیصد ڈیجیٹل اندراج، شفاف مانیٹرنگ، بروقت رسپانس اور موثر فیڈ بیک سسٹم یقینی بنایا جائے تاکہ شکایت کنندگان کو کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
سید علی ناصر رضوی نے کہا کہ سائبر کرائم کے بڑھتے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی کا موثر استعمال ناگزیر ہے اور NCCIA کو جدید خطوط پر استوار کر کے عوام کو دہلیز پر فوری اور شفاف انصاف فراہم کرنا ایجنسی کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ عوامی شکایات کے حل میں کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی، جبکہ متعلقہ افسران اور ٹیموں کی کارکردگی کا روزانہ جائزہ لیا جائے گا۔

