ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان نے ایک بار پھر واضح کیا ہے کہ امریکا کی جانب سے ایران کی شرائط پوری کرنے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
ایرانی خبر رساں ادارے فارس کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان حسین محبی نے کہا کہ آبنائے ہرمز اس وقت ایرانی مسلح افواج کے مکمل کنٹرول میں ہے اور اسلامی جمہوریہ ایران کی شرائط مکمل طور پر تسلیم کیے جانے تک اسے نہیں کھولا جائے گا۔
حسین محبی نے الزام عائد کیا کہ دشمن نے ایران کی جوہری اور میزائل صلاحیتوں کو تباہ کرنے کی کوشش کی تاہم امریکا کا اصل خفیہ مقصد اسرائیل کی توسیع کے منصوبے کو حقیقت کا روپ دینا ہے۔
انھوں نے ثالثوں کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ امن منصوبے کے نکات موصول ہوئے ہیں تاہم ابھی ایران کی جانب سے جواب نہیں دیا گیا، ہمارا موقف یہی ہے کہ شرائط پوری نہ ہونے تک آبنائے ہرمز بند رہے گی۔
واضح رہے کہ آبنائے ہرمز تیل و گیس کی عالمی تجارت اور ترسیل کے لیے انتہائی اہم گزرگاہ ہے۔ جنگ سے پہلے دنیا کے تقریباً پانچویں حصے کے تیل اور مائع قدرتی گیس کی ترسیل اسی راستے سے ہوتی تھی۔

