Major Terror Attack in Chiniot: Security Forces Foil Assault on Bait-ul-Mehdi, One Terrorist Killed, Four Guards Injured
چنیوٹ (نمائندہ خصوصی) — چناب نگر کے مرکزی علاقے گول بازار میں واقع قادیانی عبادت گاہ بیت المہدی پر آج دوپہر دہشت گردوں نے حملہ کر دیا۔ جمعے کی نماز کے وقت پیش آنے والے اس واقعے نے پورے علاقے کو خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا۔
عینی شاہدین کے مطابق عبادت جاری تھی کہ تین مسلح دہشت گرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہو کر عبادت گاہ کے مرکزی دروازے پر پہنچے۔ انہوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کو دھمکایا اور اندر داخل ہونے کی کوشش کی۔ مزاحمت پر دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس کے نتیجے میں چار سیکیورٹی اہلکار زخمی ہوگئے۔
سیکیورٹی فورسز کی فوری اور بہادرانہ جوابی کارروائی میں ایک حملہ آور موقع پر ہی ہلاک ہو گیا، جبکہ اس کے دو ساتھی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔ پولیس اور رینجرز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کر دیا ہے۔ حملہ آور کی لاش کو قبضے میں لے کر شناخت کی کوششیں جاری ہیں۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشت گردوں کے پاس خودکار ہتھیار اور دستی بم موجود تھے، تاہم اہلکاروں کی بروقت کارروائی کے باعث ایک بڑا سانحہ ٹل گیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر تحصیل ہیڈکوارٹر اسپتال چنیوٹ منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کی حالت خطرے سے باہر بتائی جا رہی ہے۔
پولیس کے اعلیٰ حکام، ضلعی انتظامیہ، اور بم ڈسپوزل اسکواڈ موقع پر پہنچ گئے ہیں۔ حملے کے بعد علاقے میں سخت سیکیورٹی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ چناب نگر کے تمام داخلی و خارجی راستے بند کر کے مشتبہ افراد کی تلاش شروع کر دی گئی ہے۔
ذرائع کے مطابق قانون نافذ کرنے والے ادارے اس واقعے کو حالیہ دہشت گردی کی لہر سے جوڑ کر دیکھ رہے ہیں، جو ملک کے مختلف حصوں میں دیکھی جا رہی ہے۔ مقامی پولیس کا کہنا ہے کہ ممکنہ طور پر حملہ آوروں کا تعلق کسی کالعدم تنظیم سے ہے۔
علاقے کے شہریوں نے واقعے کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ عبادت گاہوں اور مذہبی مقامات پر سیکیورٹی مزید سخت کی جائے تاکہ آئندہ کسی ناخوشگوار واقعے سے بچا جا سکے۔
ادھر وزیراعلیٰ پنجاب نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او فیصل آباد اور ڈی پی او چنیوٹ سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں کی بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت جاری کی گئی ہے۔
واقعے کے بعد شہر میں فضا سوگوار اور کشیدگی کی کیفیت اختیار کر گئی ہے۔ سیکیورٹی ادارے تاحال علاقے میں گشت کر رہے ہیں اور شہریوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت دی گئی ہے۔رپورٹ: “وائس آف جرمنی” نیوز ڈیسک، چنیوٹ بیورو