کراچی کے ضلع وسطی میں انسدادِ پولیو مہم میں ایک بار پھر غیر متعلقہ ملازمین کی تعیناتی کا انکشاف ہوا ہے.
کراچی میں مالی، ڈرائیور، چوکیدار اور نائب قاصد یونین کونسل منیجمنٹ آفیسر تعینات ہوئے ہیں.
غیر متعلقہ ملازمین کی تعیناتی کی نشاندہی گزشتہ مہم میں بھی کی گئی تھی لیکن کوئی مؤثر کارروائی سامنے نہ آسکی. ستمبر 2024 کی غیر متعلقہ ملازمین کی یو سی ایم او تعیناتی پر پابندی کی پالیسی موجود ہے.
نائب قاصد، کلرک، ڈرائیور، چوکیدار، مالی اور وارڈ سرونٹ سمیت دیگر غیر متعلقہ ملازمین کی تعیناتی پر پابندی ہے، پالیسی کے باوجود ضلع وسطی میں نئی پولیو مہم کے دوران دوبارہ انہی ملازمین کو یو سی ایم او تعینات کردیا گیا.
ڈی ایچ او ضلع وسطی ڈاکٹر عدنان خان نے غیر متعلقہ ملازمین کی تعیناتی کا دفاع کیا ہے. انہوں نے کہا کہ تعینات ملازمین تعلیم یافتہ اور 2013 سے پولیو پروگرام میں کام کر رہے ہیں.
انہوں نے کہا کہ ملازمین پولیو مہم کے معاملات کو بہتر سمجھتے ہیں. ڈرائیور، چوکیدار اور نائب قاصد سے کام لینے میں کوئی مضائقہ نہیں.

