لندن: کولنز انگلش ڈکشنری نے ۲۰۲۶ء کا ’ورڈ آف دی ایئر‘ ’موگنگ‘ (Mogging) کو قرار دیا ہے، جس کا مطلب کسی کو نمایاں طور پر پیچھے چھوڑنا، اس سے بہتر کارکردگی دکھانا یا اس پر غالب آنا ہے۔ ڈکشنری کے مطابق اس لفظ کے استعمال میں ۲۰۲۶ء میں ۲۱۰ فیصد اضافہ ہوا ہے۔
’موگنگ‘ کیا ہے؟
’موگنگ‘ بنیادی طور پر جنریشن زی اور جنریشن الفا میں مقبول ہونے والی بول چال ہے، جو عام طور پر مذاق یا طنز کے انداز میں استعمال ہوتی ہے۔ اس سے مراد کسی شخص یا چیز سے زیادہ نمایاں ہونا، اسے پیچھے چھوڑ دینا یا اس سے بہتر کارکردگی دکھانا ہے، خاص طور پر ظاہری شکل و صورت کے معاملے میں۔
کولنز کے ماہرینِ لسانیات سالانہ ۲۷ ارب الفاظ پر مشتمل ’کولنز کارپس‘ کا جائزہ لیتے ہیں، جس میں سوشل میڈیا سمیت مختلف ذرائع ابلاغ سے حاصل ہونے والے الفاظ شامل ہوتے ہیں۔ اس تحقیق کی بنیاد پر ہر سال نئے اور مقبول الفاظ کی فہرست تیار کی جاتی ہے۔
کیوں منتخب ہوا؟
کولنز ڈکشنری کے منیجنگ ڈائریکٹر الیکس بی کرافٹ نے کہا کہ ’موگنگ‘ کا انتخاب اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ ہر نسل زبان پر اپنے اثرات مرتب کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنریشن زی اور جنریشن الفا نے اس لفظ کو اپنا کر مزاحیہ بول چال کا حصہ بنا لیا ہے اور زبان کو اپنے انداز میں ڈھال لیا ہے۔
اس سال اس اصطلاح کا استعمال آرنلڈ شوارزنیگر سے لے کر سر جیکب ریس موگ تک کئی معروف شخصیات نے بھی اپنایا۔ ماہرین کے مطابق یہ لفظ سوشل میڈیا سے نکل کر عام گفتگو کا حصہ بن چکا ہے۔
فہرست میں شامل دیگر الفاظ
اس سال کی مختصر فہرست میں ’ہائیڈریشن بریک‘ اور ’مانچسٹرزم‘ جیسے الفاظ بھی شامل ہیں۔ ہائیڈریشن بریک سے مراد کھیل کے دوران کھلاڑیوں کو پانی یا دیگر مشروبات پینے کے لیے دیا جانے والا وقفہ ہے، جبکہ مانچسٹرزم ایک سیاسی نظریہ ہے جس میں اختیارات کو علاقوں میں منتقل کرنا اور معاشی و سماجی ترقی کو ملانا شامل ہے۔
بکسی (Bixie): ایسا بالوں کا انداز جو باب کٹ سے چھوٹا مگر پکسی کٹ سے قدرے لمبا ہو۔
کار اسپریڈنگ (Carspreading): گاڑیاں بنانے والی کمپنیوں کا زیادہ لمبی، چوڑی اور بھاری گاڑیاں بنانے کا رجحان۔
فائر ویو (Firewave): مختصر عرصے میں کسی شہر میں لگنے والی جنگلاتی یا دیگر بڑی آگ کا سلسلہ۔
فریسی (Fricy): ایسی غذا جس میں پھلوں جیسا ذائقہ اور مرچ مصالحے کی تیزی دونوں موجود ہوں۔
فرینڈ سلاپ (Friendslop): کم بجٹ میں آزادانہ طور پر تیار کیا جانے والا ویڈیو گیم جسے دوست مل کر کھیلتے ہیں۔
گھوسٹ جاب (Ghostjob): ایسی ملازمت جس کا اشتہار دیا جائے مگر کسی امیدوار کو ملازمت دینے کا ارادہ نہ ہو۔
پی ڈوم (P(Doom)): اس امکان کا اندازہ کہ مصنوعی ذہانت انسانی تہذیب کے خاتمے کا سبب بن سکتی ہے۔

