کراچی کے جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر (جے پی ایم سی) میں معدے، آنتوں اور لبلبے کے کینسر سمیت نظام انہضام کے پیچیدہ امراض کی تشخیص اور علاج کے لیے جدید اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ (ای یو ایس) کی سہولت فراہم کردی گئی۔
جناح اسپتال میں فراہم کی گئی جدید سہولت کے حوالے سے بتایا گیا کہ اس جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے ایسے پیچیدہ تشخیصی اور علاج کے پروسیجرز بھی کیے جاسکیں گے جن پر نجی اسپتالوں میں 3 سے 4 لاکھ روپے تک اخراجات آتے ہیں، تاہم مستحق مریضوں کو یہ سہولت جناح اسپتال میں مفت فراہم کی جائے گی، اور اس سہولت کے آغاز کے بعد جے پی ایم سی سندھ کا دوسرا سرکاری اسپتال بن گیا ہے جہاں اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ کی جدید سہولت دستیاب ہے۔
اس ضمن میں بتایا گیا کہ کروڑوں روپے مالیت کی درآمدی مشین معروف دوا ساز ادارے گیٹز فارما نے جناح اسپتال کے شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کی درخواست پر عطیہ کی ہے۔
اسپتال حکام کے مطابق اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ کے ذریعے معدے اور آنتوں کے اندرونی حصوں کے علاوہ لبلبے، جگر، صفراوی نالیوں اور لمف نوڈز کا تفصیلی معائنہ کیا جاسکے گا، جدید مشین کی مدد سے رسولیوں اور کینسر کی تشخیص، متاثرہ حصوں سے بایوپسی کے لیے نمونے حاصل کرنے، لبلبے کے گرد جمع سیال کی نکاسی اور صفراوی نالیوں کی بعض رکاوٹوں کے علاج سمیت متعدد پیچیدہ پروسیجرز ممکن ہوں گے۔
جناح اسپتال کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر خالد شیر نے کہا کہ معدے، آنتوں اور لبلبے کے کینسر میں بروقت تشخیص انتہائی اہم ہے کیونکہ بہت سے مریض اسپتال اس وقت پہنچتے ہیں جب بیماری کافی حد تک پھیل چکی ہوتی ہے، جدید ٹیکنالوجی کی دستیابی سے بیماری کی درست تشخیص میں مدد ملے گی اور مریضوں کے علاج میں تاخیر کم ہوسکے گی۔
شعبہ گیسٹروانٹرولوجی کی سربراہ ڈاکٹر نازش بٹ نے کہا کہ روایتی اینڈوسکوپی اور دیگر تشخیصی ٹیسٹوں سے بعض رسولیوں کی مکمل نوعیت معلوم کرنا ممکن نہیں ہوتا، تاہم اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ کے ذریعے متاثرہ حصے کا تفصیلی معائنہ اور درست مقام سے بایوپسی کی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ یہ سہولت بالخصوص لبلبے کی رسولیوں، معدے اور آنتوں کے کینسر اور مشتبہ لمف نوڈز کی تشخیص میں اہم کردار ادا کرے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی کے علاوہ سندھ کے دور دراز اضلاع اور بلوچستان سے بھی مریض علاج کے لیے جناح اسپتال آتے ہیں، ایسے میں مہنگے تشخیصی پروسیجرز کی مفت فراہمی سے غریب اور مستحق مریضوں کو نمایاں سہولت ملے گی۔
گیٹز فارما کے ڈپٹی منیجنگ ڈائریکٹر ذیشان احمد نے کہا کہ صحت کی جدید سہولتوں تک عوام کی رسائی بہتر بنانا ادارے کی سماجی ذمہ داری ہے، اسی مقصد کے تحت جناح اسپتال کو جدید اینڈوسکوپک الٹراساؤنڈ مشین فراہم کی گئی ہے۔
تقریب میں پروفیسر لبنیٰ کمانی، پروفیسر امان اللہ عباسی، شعبہ ریڈیالوجی کی سربراہ پروفیسر شائستہ شوکت اور گیٹز فارما کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔
Source link

