پاکستان ریلوے نے اپنے مسافروں کے لیے بڑی خوش خبری سناتے ہوئے لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرینوں کی آمدورفت بحال کرنے کا فیصلہ کردیا۔
پاکستان ریلوے نے 15 نومبر سے لاہور فیصل آباد سیکشن پر ٹرین آپریشن بحال کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، جس کے مطابق سیلاب سے متاثرہ مسن کالر اور قلعہ شیخوپورہ کے درمیان نیا ریلوے پل تعمیر کر لیا گیا ہے اور نئے تعمیر ہونے والے ریلوے پل پر انجن چلا کر کامیاب ٹرائل بھی مکمل کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے بتایا گیا کہ سی ای او ریلوے حفیظ اللہ کی ہدایت پر لاہور فیصل آباد سیکشن کی بحالی کا فیصلہ کیا گیا اور 15 نومبر سے لاہور اور فیصل آباد کے درمیان ٹرینیں دوبارہ اپنے اصل روٹ پر رواں دواں ہوں گی۔
پاکستان ریلوے نے قراقرم ایکسپریس اور شالیمار ایکسپریس کی پرانے روٹ پر واپسی کا فیصلہ کرلیا ہے، قراقرم ایکسپریس 41 اپ اور 42 ڈاؤن اب لاہور فیصل آباد روٹ سے دوبارہ سفر کرے گی۔
اسی طرح شالیمار ایکسپریس بھی 15 نومبر سے اپنے اصل لاہور فیصل آباد روٹ پر بحال ہو جائے گی، جس کے بعد سیلاب کے باعث متاثرہ ریلوے سیکشن کی بحالی سے مسافروں کا طویل متبادل روٹ پر سفر ختم ہو جائے گا۔
مزید بتایا گیا ہے کہ لاہور فیصل آباد کے درمیان سفر کرنے والے مسافروں کو 15 نومبر سے براہ راست ریلوے سہولت میسر ہوگی۔
اس سے پہلے دونوں ٹرینیں عارضی طور پر ساہیوال کے متبادل روٹ سے چلائی جا رہی تھیں، پاکستان ریلوے نے مسافروں کو نئی ٹرین ٹائمنگ اور روٹ کے مطابق سفر کی منصوبہ بندی کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
پاکستان ریلوے نے بتایا کہ ٹرینوں کی آمدورفت اور سفری معلومات کے لیے پاکستان ریلوے ہیلپ لائن 117 سے رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
Source link

