صوبہ خیبر پختونخوا کے دو اضلاع کوہاٹ اور صوابی میں بدھ کو پولیس نفریوں پر حملوں میں ڈی ایس پی سمیت 12 اہلکار جان سے گئے جبکہ 11 زخمی ہو گئے۔
کوہاٹ میں ریسکیو 1122 کے ترجمان جواد آفریدی نے بتایا کہ تحصیل گمبٹ میں پولیس نفری پر فائرنگ کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار جان سے گئے جبکہ 11 زخمی ہوئے۔
جواد کے مطابق حملہ گمبٹ کے دور دراز علاقے در بوکچ میں پیش آیا جہاں پولیس سونے کی غیر قانونی کان کنی کے خلاف آپریشن کر رہی تھی۔
انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں
خیبر پختونخوا پولیس کے شعبہ تعلقات عامہ نے ایک بیان میں کہا کہ درابو کچ میں پولیس اور مقامی انتظامیہ کے اہلکار آپریشن کے بعد واپس لوٹ رہے تھے کہ ’کالعدم شدت پسند عناصر نے حملہ کیا، جس کے نتیجے میں 10 پولیس اہلکار جان سے گئے جبکہ پولیس کی جوابی کارروائی میں 18 حملہ آور مارے گئے۔‘
بیان کے مطابق ’حملہ مقامی جرائم پیشہ عناصر کی ایما پر کیا گیا اور اس میں بیرونی پشت پناہی رکھنے والے عناصر ملوث تھے۔‘
بیان میں مزید کہا گیا ’حملے میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائی جاری رکھی جائے گی۔‘
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) نے ایک بیان میں کوہاٹ حملے کی ذمہ داری قبول کی ہے۔
ادھر صوابی میں بھی آج پولیس کو نشانہ بنایا گیا۔
صوابی پولیس نے ایک بیان میں بتایا کہ بدھ کی شام منصورہ چوکی کی حدود میں پولیس نفری پر دوران گشت فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں اے ایس آئی ولید خان اور ذوالفقار جان سے گئے جبکہ ایک اہلکار زخمی ہو گیا۔
صوبے کے جنوبی اضلاع میں گذشتہ کئی ماہ سے امن و امان کی صورتحال مخدوش ہے اور مختلف کارروائیوں میں پولیس اور سکیورٹی فورسز کو نشانہ بنایا جاتا ہے۔
خیبر پختونخوا میں عسکریت پسندوں کے حملوں میں اضافے کے باعث گذشتہ ماہ ایمرجنسی نافذ کر دی گئی تھی۔
صوبے کے گورنر فیصل کریم کنڈی نے، جو اس وقت صوبائی انتظامیہ کے سربراہ ہیں، کوہاٹ میں پولیس پر حملے کی مذمت کی۔
انہوں نے کہا ’پولیس ٹیم پر حملے میں ملوث افراد کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جانا چاہیے۔‘
صوبائی انتظامیہ نے یہ نہیں بتایا کہ ضلعے میں عسکریت پسند کب سے سونے کی غیر قانونی طور پر کان کنی کر رہے تھے۔

