برلن میں بازار برلن کی رنگا رنگ نمائش میں پاکستانی نژاد ننھے آرٹسٹوں کے فن پاروں کی دھوم
نمائش کے انعقاد میں سفارتخانہ پاکستان برلن کی راشدہ باجوہ اور حناء ملک کا بھرپور کردار

IMG 20251107 WA1427


برلن (نمائندہ خصوصی وائس آف جرمنی)
جرمنی کے شہر برلن میں جاری سالانہ بازار برلن کی رنگا رنگ نمائش میں پاکستانی نژاد جرمن بچوں اور نوجوان فن کاروں کے فن پارے سب کی توجہ کا مرکز بن گئے۔
پانچ روزہ بازار برلن کا آغاز رواں ہفتے برلن میں ہوا، جس میں دنیا بھر سے دستکار، فن کار اور کاروباری شخصیات اپنی ثقافتی و تخلیقی مصنوعات نمائش کے لیے پیش کر رہے ہیں۔ ہر سال نومبر کے مہینے میں منعقد ہونے والے اس بین الاقوامی بازار میں اس بار سفارتخانہ پاکستان برلن نے پاکستانی نژاد فن کاروں کو خصوصی طور پر موقع فراہم کیا تاکہ وہ اپنی صلاحیتوں کا اظہار کر سکیں۔
نمائش کے افتتاح کے موقع پر ننھے آرٹسٹ آرب ظفر نے اپنے ہاتھوں سے بنایا ہوا پاکستان کا جھنڈا سفارتخانہ پاکستان برلن میں قائم مقام سفیر رومان احمد کو پیش کیا۔ اس موقع پر ناظم الامور رومان احمد کا کہنا تھا کہ:
> “بازار برلن میں یہ پہلا موقع ہے کہ سفیر پاکستان ثقلین سیدہ کی ذاتی دلچسپی سے ہم نے اپنے نئے ٹیلنٹ کو اس بین الاقوامی پلیٹ فارم پر متعارف کرایا ہے۔”
ننھے آرٹسٹ آرب ظفر نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ:
> “ہم سفارتخانہ پاکستان برلن کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہمیں اپنے فن کا اظہار کرنے کا موقع دیا۔”
نمائش میں شریک پاکستانی نژاد نوجوان آرٹسٹ اسرا نے بتایا کہ
> “میں نے اپنے فن پاروں کے ذریعے پاکستانی ثقافت کو دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی کوشش کی ہے تاکہ لوگ ہمارے وطن کی خوبصورتی اور رنگوں سے واقف ہوں۔”
اسی طرح ننھی آرٹسٹ مسفرہ، جنہوں نے رنگ برنگے پھولوں کی خوبصورت تخلیقات نمائش کے لیے پیش کیں، نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ:
> “یہ پہلا موقع ہے کہ مجھے اپنے آرٹ کو اس طرح سب کے سامنے پیش کرنے کا موقع ملا، جو میرے لیے ایک خوشگوار اور یادگار تجربہ ہے۔”
نمائش میں پاکستانی اسٹال کو خاص پذیرائی حاصل ہوئی، جہاں پاکستانی ثقافت، رنگوں اور فن کا حسین امتزاج دیکھنے والوں کے دلوں کو موہ گیا۔
بازار برلن کے شرکاء نے پاکستانی بچوں اور نوجوان فن کاروں کی تخلیقی صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے اقدامات نہ صرف پاکستان کے مثبت تشخص کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ نئی نسل کے اعتماد میں بھی اضافہ کرتے ہیں۔

متعلقہ پوسٹ