اسلام آباد : وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان 2027 میں شنگھائی تعاون تنظیم (SCO) سمٹ کی میزبانی کرے گا اور اس بڑے ایونٹ کے لیے تیاریاں ابھی سے شروع کر دی جائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کو مزید خوبصورت بنایا جائے گا تاکہ دنیا کے سامنے پاکستان کا مثبت اور خوشنما چہرہ اجاگر ہو۔
وزیراعظم نے یہ بات جمعہ کو ٹی چوک فلائی اوور کے سنگِ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کا کہنا تھا کہ تاجکستان نے پاکستان کو تحفے میں مختلف اقسام کے پودے دیے ہیں، اور چند ہفتوں میں شاہراہِ دستور پر خوبصورت پھولوں کی بہار نظر آئے گی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ماحول دوست اقدامات کے تحت اسلام آباد میں ای وی ٹرانسپورٹ متعارف کرائی گئی ہے تاکہ ماحولیاتی تحفظ کے ساتھ ساتھ عوام کو معیاری سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔ انہوں نے یقین دلایا کہ وفاقی حکومت عوامی سہولت کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر آگے بڑھائے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ جڑواں شہروں کے مکینوں کو مزید سہولت دینے کے لیے ریل کار کا مجوزہ منصوبہ بھی تیار کیا جا رہا ہے، جو ٹریفک کے دباؤ کو کم کرنے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو جدید سفری سہولت فراہم کرے گا۔
وزیراعظم نے زور دیا کہ پاکستان ایس سی او سمٹ کے موقع پر دنیا کو ایک پرامن، ترقی پذیر اور خوشحال ملک کے طور پر سامنے لائے گا۔
