
(ویب ڈیسک) اٹلی، سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ میں بیک وقت ہزاروں اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں مل گئیں۔ خوف پھیلنے سے بچنے کے لئے متعدد سکول خالی کردیئے گئے۔
انٹرنیشنل میڈیا کی رپورٹس مین تصدیق کی جا رہی ہے کہ کئی ملکوں میں ایک ہی وقت میں سکولوں میں بم چلا دینے کی عھمکیاں سامنے آئی ہیں۔ ان دھمکیوں کا نشانہ بننے والے سکولوں کی تعداد ہزاروں میں ہے۔
اٹلی، سکاٹ لینڈ اور آئرلینڈ کے ہزاروں سکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیوں کے بعد بہت سے سکول خالی کردیئے گئے۔
اٹلی کے تقریباً 6 ہزار 300 سرکاری اسکولوں کو بم سے اڑانے کی دھمکیاں موصول ہوئیں۔
وزیرِ تعلیم جوسیپے ولڈیتارا نے کہا ہے کہ یہ واقعات ممکنہ طور پر ایک ’سائبر حملہ ہیں، اور اس میں کوئی حقیقی خطرہ نہیں‘۔
ولڈیتارا نے اطالوی ٹی وی کو بتایا کہ اٹلی اور یورپ کے دیگر حصوں میں پروازوں، سپر مارکیٹس اور یہاں تک کہ ہسپتالوں کو نشانہ بنانے والی دھمکیوں کے اس حالیہ سلسلے کے پیچھے ایک واضح حکمت عملی کارفرما ہے۔
دوسری جانب سکاٹ لینڈ اور شمالی آئرلینڈ کے 700 سے زائد سکولوں کو بھی بم سے اڑانے کی جھوٹی دھمکیاں موصول ہوئی ہیں۔ تاہم یہ واضح نہیں ہے کہ آیا ان تمام واقعات کا آپس میں کوئی تعلق ہے یا نہیں۔
اٹلی میں احتیاطی تدابیر کے طور پر متعدد سکولوں کو خالی کرایا گیا ہے تاہم اطالوی وزیر اعظم جارجیا میلونی کا کہنا ہے کہ اب تک کی جانے والی جانچ پڑتال میں کسی حقیق خطرے کا کوئی ٹھوس ثبوت نہیں ملا۔
یہ بھی پڑھیئے: ایل پی جی مافیا کی لوٹ مار روکنے کیلئے بڑی تبدیلیوں کا آغاز، اوگرا کا اختیار ختم
انہوں نے فیس بک پر لکھا کہ یہ دھمکیاں بظاہر خوف و ہراس اور تشویش پھیلانے کی کسی دانستہ حکمت عملی معلوم ہوتی ہیں۔
اطالوی حکام کے مطابق بدھ کے روز مجموعی طور پر 7 ہزار 476 سرکاری اسکولوں میں سے 6 ہزار 300 اسکولوں کو بظاہر ایک ہی ای میل بھیجی گئی البتہ نجی سکول اس سے محفوظ رہے۔
دھمکی کا پیغام ’ولایتِ میسوجنستان کے رہنما میخائل آندروپوف‘ کی جانب سے بھیجا گیا تھا جس نے کئی سکولوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا۔
سکاٹ لینڈ میں پولیس نے بتایا کہ کم از کم 470 اسکولوں کو یہ ای میل موصول ہوئی تاہم ان دھمکیوں کو فوری طور پر جانچنے کے بعد جھوٹا قرار دے دیا گیا اور کسی قسم کے خطرے کے شواہد نہیں ملے۔
شمالی آئرلینڈ میں 300 دھمکیاں موصول ہونے کے بعد محکمہ تعلیم کے حکام نے اسکولوں کو ہدایت کی ہے کہ جب تک پولیس کی جانب سے کوئی اور ہدایت نہ ملے سکولوں کو کھلا رکھا جائے۔
گزشتہ ماہ بھی ای میل کے ذریعے ملنے والی دھمکیوں کے بعد خطے کے کئی سکول بند کر دیئے گئے تھے۔ پچھلے دنوں بم رکھے جانے کی خبروں پر یورپ میں درجنوں ہوائی جہازوں کو قریبی ائیرپورٹس پر ہنگامی لینڈنگ کرنی پڑی تھی تاہم بم کی تمام اطلاعات جھوٹی ثابت ہوئی تھیں۔
یہ بھی پڑھیئے: سات اکتوبر کی تحقیقات اور نیتن یاہو کی فاشسٹ قانون سازی ریورس، اسرائیلی پارلیمنٹ کے پہلے روز بل پیش ہوگئے

