بھٹہ خشت کے معائنے دوگنا، پلاسٹک آلودگی کے خلاف کارروائیوں میں بھی نمایاں اضافہ، رواں سال 80 ہزار سے زائد بھٹوں کی انسپکشن کی گئی
پنجاب میں فضائی آلودگی کے بڑے ذرائع کے خلاف محکمہ تحفظ ماحولیات نے کارروائیاں تیز کردیں۔ رواں سال یکم جنوری سے 10 نومبر تک بھٹہ خشت کے معائنے گزشتہ سال کے مقابلے میں دوگنا سے زیادہ ہوگئے جبکہ صنعتی یونٹس پر عائد جرمانوں کی مالیت 10 کروڑ روپے سے بڑھ کر 21 کروڑ 69 لاکھ روپے سے تجاوز کرگئی۔
محکمہ تحفظ ماحولیات و موسمیاتی تبدیلی کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق سیکرٹری ماحولیات سلوت سعید کی انتظامی نگرانی اور ڈی جی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی پنجاب عبداللہ نیئر شیخ کی سربراہی میں صنعتی آلودگی، دھواں چھوڑنے والے بھٹوں، پلاسٹک جلانے، ریسٹورنٹس کے دھویں اور گردوغبار کے خلاف کارروائیوں میں اضافہ کیا گیا ہے۔
سرکاری اعداد و شمار کے مطابق یکم جنوری سے 10 نومبر 2026 تک صوبے میں 80 ہزار 594 بھٹہ خشت کی انسپکشن کی گئی جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں یہ تعداد 37 ہزار 838 تھی۔ رواں سال ایک ہزار 372 بھٹے مسمار کیے گئے جبکہ گزشتہ سال ایک ہزار 223 بھٹوں کے خلاف کارروائی کی گئی تھی۔ اسی طرح رواں سال 864 بھٹے سیل کیے گئے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد ایک ہزار 88 تھی۔
بھٹہ مالکان کے خلاف رواں سال ایک ہزار 190 مقدمات درج کیے گئے جبکہ گزشتہ سال اسی عرصے میں ایک ہزار 950 ایف آئی آرز درج ہوئی تھیں۔ دوسری جانب بھٹوں پر عائد جرمانوں کی مالیت 15 کروڑ 60 لاکھ روپے سے بڑھ کر 16 کروڑ 33 لاکھ روپے ہوگئی۔
صنعتی آلودگی کے خلاف کارروائیوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں سال 47 ہزار 643 صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 38 ہزار 98 تھی۔ رواں سال 374 صنعتی یونٹس مسمار اور ایک ہزار 419 سیل کیے گئے جبکہ گزشتہ سال 242 یونٹس مسمار اور ایک ہزار 457 سیل کیے گئے تھے۔
صنعتی خلاف ورزیوں پر عائد جرمانوں میں نمایاں اضافہ ہوا۔ گزشتہ سال 10 کروڑ 14 لاکھ روپے کے جرمانے کیے گئے تھے جبکہ رواں سال یہ رقم بڑھ کر 21 کروڑ 69 لاکھ 85 ہزار روپے ہوگئی۔ تاہم صنعتی یونٹس کے خلاف درج مقدمات کی تعداد 502 سے کم ہوکر 244 رہ گئی۔
پلاسٹک آلودگی کے خلاف کارروائیوں میں بھی تیزی آئی۔ رواں سال 4 لاکھ 38 ہزار 159 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا جبکہ گزشتہ سال 3 لاکھ 78 ہزار 630 کلوگرام پلاسٹک قبضے میں لیا گیا تھا۔ پلاسٹک سے متعلق خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی مالیت 76 لاکھ 30 ہزار روپے سے بڑھ کر 3 کروڑ 42 لاکھ 10 ہزار روپے ہوگئی۔ رواں سال 3 ہزار 915 مقامات سیل کیے گئے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 301 تھی۔ تاہم مقدمات کی تعداد 159 سے کم ہوکر 76 ہوگئی۔
فضائی آلودگی کا سبب بننے والے گردوغبار کی روک تھام کے لیے بھی کارروائیاں کی گئیں۔ محکمہ کے مطابق رواں سال 310 مقامات پر مسٹ اسپرنکلرز نصب کیے گئے جبکہ گزشتہ سال رپورٹ کیے گئے عرصے میں یہ تعداد 337 تھی۔ رواں سال 842 نوٹس جاری کیے گئے جبکہ گزشتہ سال ایک ہزار 506 نوٹس جاری ہوئے تھے۔ رواں سال 128 مقامات سیل کیے گئے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد 231 تھی۔
یونین کونسلوں کے دوروں کی تعداد بھی گزشتہ سال کے 3 ہزار 359 کے مقابلے میں رواں سال ایک ہزار 489 رہی۔ تاہم دونوں سالوں کے اعداد و شمار کے اوقات یکساں نہیں، کیونکہ 2025 کا ریکارڈ 18 اپریل سے 10 نومبر جبکہ 2026 کا یکم جنوری سے 10 نومبر تک کا ہے۔
ریسٹورنٹس، بالخصوص باربی کیو پوائنٹس سے خارج ہونے والے دھویں کو کنٹرول کرنے کے لیے سکشن ہڈز کی تنصیب کی مہم بھی جاری ہے۔ رواں سال 9 ہزار 802 ریسٹورنٹس کا دورہ کیا گیا، 3 ہزار 750 سکشن ہڈز نصب کرائے گئے جبکہ ایک ہزار 263 کاروباری مراکز سیل کیے گئے۔ محکمہ نے اس شعبے کے لیے گزشتہ سال کے تقابلی اعداد و شمار دستیاب نہ ہونے کی وضاحت کرتے ہوئے بتایا کہ باربی کیو سے متعلق ڈیٹا جمع کرنے کا آغاز 27 نومبر 2025 کو کیا گیا تھا۔
نومبر کے پہلے دس روز کے دوران بھی انسداد اسموگ کارروائیاں جاری رہیں۔ یکم سے 10 نومبر تک 3 ہزار 733 بھٹوں کی انسپکشن کی گئی، 44 مسمار اور 57 سیل کیے گئے جبکہ 38 مقدمات درج کرکے ایک کروڑ 29 لاکھ 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
اسی عرصے میں 2 ہزار صنعتی یونٹس کی انسپکشن کی گئی، دو مسمار اور 72 سیل کیے گئے۔ صنعتی خلاف ورزیوں پر سات مقدمات درج ہوئے جبکہ ایک کروڑ 7 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ پلاسٹک کے خلاف کارروائیوں میں ایک ہزار 287 مقامات کی انسپکشن کے دوران 6 ہزار 144 کلوگرام پلاسٹک ضبط کیا گیا، 25 مقامات سیل اور 4 لاکھ 71 ہزار 500 روپے جرمانہ کیا گیا۔
محکمہ کے اعداد و شمار کے مطابق 10 نومبر کو ایک ہی روز میں 471 بھٹوں کا معائنہ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال اسی تاریخ کو 355 بھٹوں کا دورہ کیا گیا تھا۔ رواں سال نو بھٹے سیل اور تین مسمار کیے گئے جبکہ گزشتہ سال چار بھٹے سیل اور 16 مسمار ہوئے تھے۔
اسی روز 268 صنعتی یونٹس کا معائنہ کیا گیا جبکہ گزشتہ سال 150 یونٹس کا دورہ کیا گیا تھا۔ رواں سال آٹھ صنعتی یونٹس سیل کیے گئے جبکہ گزشتہ سال یہ تعداد چار تھی۔ پلاسٹک کے شعبے میں ایک روز کے دوران 471 کلوگرام پلاسٹک ضبط، دو مقامات سیل اور 45 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
محکمہ تحفظ ماحولیات کے مطابق کارروائیوں کا دائرہ صنعتی اخراج، بھٹوں کے دھویں، ممنوعہ پلاسٹک کے استعمال و جلانے، تجارتی مراکز کے دھویں اور گردوغبار تک بڑھایا گیا ہے۔ تاہم مختلف شعبوں میں مقدمات، سیلنگ اور انسپکشن کے اعداد و شمار میں اتار چڑھاؤ بھی سامنے آیا ہے، جس کے باعث فضائی آلودگی میں مستقل کمی کے لیے مسلسل نگرانی اور ماحولیاتی قوانین پر عمل درآمد اہم ہوگا۔

