اٹک:( نمائندہ وائس آف جرمنی )
ضلع میں ڈینگی وائرس کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ہے۔ محکمہ صحت کے سرکاری اعداد و شمار کے مطابق اب تک ڈینگی کے مجموعی طور پر پانچ مریض سامنے آ چکے ہیں، جن میں سے چار کیسز مقامی طور پر منتقل ہونے والے ہیں جبکہ ایک کیس درآمد شدہ ہے۔
محکمہ صحت کے حکام نے بتایا ہے کہ مقامی کیسز کی موجودگی تشویش ناک ہے کیونکہ یہ اس بات کی نشاندہی کرتے ہیں کہ ڈینگی وائرس کمیونٹی میں پھیل رہا ہے۔ حکام نے کہا کہ ہنگامی بنیادوں پر انسدادی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں جن میں مچھر مار اسپرے، لاروا سرویلنس اور متاثرہ علاقوں کی نگرانی شامل ہے۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کے مطابق تمام مریضوں کو فوری طور پر طبی امداد فراہم کی گئی ہے اور ان کی حالت خطرے سے باہر ہے۔ انہوں نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ گھروں اور اطراف میں پانی جمع نہ ہونے دیں، مچھروں سے بچاؤ کے لیے مچھر دانی اور ریپیلنٹ استعمال کریں، اور بخار یا ڈینگی کی علامات ظاہر ہونے پر فوراً قریبی اسپتال سے رجوع کریں۔
ماہرین صحت کا کہنا ہے کہ ڈینگی کی بروقت روک تھام نہ کی گئی تو کیسز میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے، اس لیے عوامی تعاون نہایت ضروری ہے۔