چینی جاسوسی تنازع: ڈیموکریٹس نے ٹرمپ انتظامیہ سے این ویڈیا کے تمام ریکارڈ محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا


واشنگٹن: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی این ویڈیا کے چین سے مبینہ روابط اور جدید اے آئی چپس کی ممکنہ منتقلی سے متعلق تنازع مزید گہرا گیا ہے۔ دو سینیئر ڈیموکریٹک سینیٹرز نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے سے متعلق تمام دستاویزات اور ریکارڈ محفوظ رکھے۔
سینیٹرز الزبتھ وارن اور کرس کونز نے وزیر تجارت ہاورڈ لٹنک، وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وائٹ ہاؤس چیف آف اسٹاف اسٹیفن ملر کو خط بھیجا ہے۔ انہوں نے کہا کہ این ویڈیا کے جدید اے آئی چپس کی چین یا چین تک چپس پہنچانے والے اداروں تک برآمدی سے متعلق تمام دستاویزات، رابطے اور ریکارڈ محفوظ رکھے جائیں۔
خط میں سنگاپور میں قائم کمپنی میگا اسپیڈ کا نام نمایاں ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس کمپنی نے جون 2024ء کے بعد سے 4.8 ارب ڈالر سے زائد مالیت کے این ویڈیا کے جدید اے آئی چپس خریدے ہیں۔ امریکی محکمہ انصاف کے مبینہ طور پر یہ تحقیقات جاری ہیں کہ آیا میگا اسپیڈ نے امریکی برآمدی پابندیوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے یہ چپس چین منتقل کیں۔
سینیٹرز نے این ویڈیا کے سی ای او جینسن ہوانگ اور میگا اسپیڈ کی سابق سینئر ایگزیکٹو الائس ہوانگ کے درمیان مبینہ قریبی تعلق پر بھی تشویش ظاہر کی۔ ان کے مطابق امریکی حکام کو ان خدشات کی اطلاع تھی، لیکن باوجود اس کے چپس کی چین تک رسائی روکنے کی مؤثر کارروائی نہیں ہوئی۔
وارن اور کونز نے انتظامیہ سے کہا ہے کہ وہ 17 نومبر تک تحریری طور پر تصدیق کرے کہ تمام متعلقہ ریکارڈ محفوظ رکھے جا رہے ہیں۔ انہوں نے جینسن ہوانگ اور صدر ٹرمپ کے درمیان رابطوں، برآمدی لائسنسوں کے فیصلوں، چپس کی ممکنہ اسمگلنگ کی تحقیقات اور برآمدی پابندیوں میں کسی قسم کی نرمی سے متعلق دستاویزات بھی محفوظ رکھنے کا مطالبہ کیا ہے۔
سینیٹرز کے خط میں کہا گیا کہ یہ معاملہ امریکی برآمدی قوانین کی مؤثر نفاذ اور قومی سلامتی کے تحفظ کی وفاقی حکومت کی صلاحیت پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔ ناقدین کا کہنا ہے کہ اگر انٹیلی جنس وارننگ کے باوجود لائسنس جاری رکھنے یا پابندیوں میں نرمی کی اجازت دی گئی تو اس سے یہ سوال پیدا ہوگا کہ کیا تجارتی مفادات کو قومی سلامتی پر ترجیح دی جا رہی ہے۔
یہ معاملہ ابھی تحقیقاتی اور سیاسی سطح پر زیرِ بحث ہے اور کسی فرد یا ادارے کے خلاف قانونی طور پر ثابت شدہ الزام نہیں ہے۔ تاہم اس تنازع نے امریکا میں جدید اے آئی چپس کی برآمدی پابندیوں، چین سے ٹیکنالوجی کے تبادلے اور قومی سلامتی کے توازن پر مباحث کو دوبارہ تیز کر دیا ہے۔

متعلقہ پوسٹ