کراچی کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ، یونیورسٹی روڈ پر پہلے آپریشن ہوگا

کراچی تجاوزات.webp


کراچی کی اہم شاہراہوں سے تجاوزات ختم کرنے کا فیصلہ، یونیورسٹی روڈ پر پہلے آپریشن ہوگا

سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے ٹریفک متاثر ہوتی ہے، شرجیل میمن

حکومت سندھ نے شہر کی اہم شاہراہوں اور پیپلز بس سروس کے روٹس سے غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کا فیصلہ کرلیا، پہلے مرحلے میں یونیورسٹی روڈ سمیت دیگر اہم سڑکوں پر آپریشن کیا جائے گا۔

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کی زیر صدارت اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پولیس، شہری انتظامیہ اور محکمہ ٹرانسپورٹ مشترکہ طور پر تجاوزات کے خلاف کارروائی کریں گے۔ اجلاس میں کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، کراچی پولیس چیف آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈی آئی جی ایسٹ فرخ لنجار اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں پیپلز بس سروس کے روٹس پر قائم غیر قانونی تجاوزات، ٹریفک کی روانی میں رکاوٹ بننے والے قبضوں اور غیر قانونی بس ٹرمینلز کے خاتمے کی ہدایات جاری کی گئیں۔ اس کے علاوہ سہراب گوٹھ سمیت شہر کے مختلف علاقوں میں قائم غیر قانونی بس اڈوں کو شہر سے باہر منتقل کرنے کے اقدامات کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی کی اہم شاہراہوں اور بس روٹس پر تجاوزات کے باعث شہریوں اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ سڑکوں پر غیر قانونی قبضوں اور رکاوٹوں سے ٹریفک متاثر ہوتی ہے، ایندھن کے اخراجات بڑھتے ہیں اور پبلک ٹرانسپورٹ کی آمدورفت میں بھی دشواری پیش آتی ہے۔

انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ غیر قانونی تجاوزات اور ٹرمینلز کے خلاف مشترکہ حکمت عملی کے تحت کارروائی یقینی بنائی جائے تاکہ ٹریفک کا دباؤ کم اور شہریوں کی آمدورفت آسان ہوسکے۔

اجلاس میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت کراچی سے باہر جدید بس اڈے قائم کرنے، کراچی بس ٹرمینل کی توسیع اور لاجسٹکس پارک کے قیام سے متعلق منصوبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ سینئر وزیر نے متعلقہ حکام کو ان منصوبوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی۔



Source link

متعلقہ پوسٹ