دو سال میں پہلی بار 6 فیصد کے پار پہنچی خوردہ مہنگائی، اکتوبر میں شرح 6.1 فیصد رہی

PTI11 13 2026 000245A scaled e1794567756516 1200x600 1


گزشتہ 13 نومبر 2026 کو سلی گوڑی میں مٹی کے چولہوں اور گوبر کے اپلوں سے بھری ٹوکریوں کے پاس بیٹھی ایک دکاندار۔ ملک بھر میں مہنگائی میں اضافے کے باعث صارفین کو قیمتوں کے دباؤ کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ (تصویر: پی ٹی آئی)

ملک میں خوردہ مہنگائی کی شرح اکتوبر 2026 میں بڑھ کر 6.1 فیصد ہوگئی۔ دو سال میں پہلی بار یہ آر بی آئی کی طے شدہ بالائی حد سے تجاوز کر گئی ہے۔ کھانے پینے کی اشیا، ایندھن، کپڑوں، صحت اور تعلیم سمیت کئی شعبوں میں مہنگائی میں اضافہ ہوا ہے۔

نئی دہلی: ملک میں خوردہ مہنگائی کی شرح اکتوبر 2026 میں بڑھ کر 6.1 فیصد ہوگئی۔ دو سال میں پہلی بار یہ ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) کی طے شدہ بالائی حد (اپر تھریس ہولڈ) سے آگے نکل گئی ہے۔ کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ اب مہنگائی کا اثر تقریباً تمام شعبوں میں نظر آنا لگا ہے۔ جمعرات (12 نومبر) کو جاری کیے گئے سرکاری اعداد و شمار سے یہ بات سامنے آئی ہے۔

آر بی آئی نے مہنگائی کا ہدف 4 فیصد طے کیا ہے، جس میں 2 فیصد تک کمی یا اضافے کی گنجائش رکھی گئی ہے۔ یعنی مہنگائی کی شرح 2 سے 6 فیصد کے درمیان رہنی چاہیے۔ اس سے پہلے اکتوبر 2024 میں خوردہ مہنگائی کی شرح 6 فیصد کی بالائی حد کو عبور کرتے ہوئے 6.2 فیصد تک پہنچ گئی تھی۔ اکتوبر 2026 کی شرح اس کے بعد سب سے زیادہ ہے۔

دی ہندو کے مطابق، برک ورکس ریٹنگز کے ماہر معاشیات پرانجل گھاٹے نے کہا کہ مہنگائی کی بنیادی وجہ اب بھی سپلائی سے متعلق مسائل ہیں۔ تاہم، تہواروں کے دوران خریداری میں اضافے کے سبب مانگ کا دباؤ بھی قیمتوں میں اضافے کی ایک وجہ ہو سکتا ہے۔

کھانے پینے اور باہر کھانے کے اخراجات میں اضافہ

سرکاری اعداد و شمار کے مطابق، اکتوبر میں غذائی اشیا اور مشروبات کی مہنگائی کی شرح بڑھ کر 8.5 فیصد ہوگئی۔ نئی سی پی آئی (کنزیومر پرائس انڈیکس) سیریز میں یہ اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔

ایندھن کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات نقل و حمل کے شعبے پر بھی پڑے ہیں۔ اکتوبر میں اس شعبے کی مہنگائی کی شرح بڑھ کر 5.8 فیصد ہوگئی، جو نئی سیریز میں سب سے زیادہ ہے۔

کھانے پینے اور نقل و حمل کے اخراجات بڑھنے کے باعث ریستوراں اور رہائشی خدمات کی مہنگائی کی شرح میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا۔ اکتوبر میں یہ شرح 10.1 فیصد تک پہنچ گئی۔ نئی سی پی آئی سیریز میں پہلی بار اس شعبے کی مہنگائی 10 فیصد سے تجاوز کر گئی ہے۔

بینک آف بڑودہ کے چیف اکانومسٹ مدن سبرنویس نے کہا کہ آنے والے مہینوں میں بعض غذائی اشیا کی قیمتوں میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا،’فصل کی موجودہ صورتحال سے آنے والے وقت میں غذائی اشیا کی قیمتوں کے رجحان کا اندازہ ہوگا۔ دھان، مکئی، تلہن، کپاس اور گنے کی کاشت کا رقبہ کم رہا ہے۔ یہ بھی خبریں ہیں کہ دالوں، خصوصی طور پر ارہر کی پیداوار اس بار کم ہو سکتی ہے۔ اس سے قیمتوں میں اضافہ ہو سکتا ہے۔‘

روزمرہ کی دوسری چیزیں  بھی مہنگی

مہنگائی کے اثرات صرف کھانے پینے کی اشیا اور ایندھن تک محدود نہیں ہیں۔ روزمرہ  کے استعمال کی کئی دوسری چیزوں کی قیمتوں میں بھی تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔

کپڑوں اور جوتے چپلوں کی مہنگائی کی شرح اکتوبر میں تقریباً 5 فیصد رہی، جبکہ ستمبر میں یہ 3.9 فیصد تھی۔ نئی سی پی آئی سیریز میں اس شعبے کی یہ اب تک کی بلند ترین شرح ہے۔

اسی طرح گھریلو سامان، فرنیچر اور گھر کے رکھ رکھاؤ سے متعلق اشیا کی مہنگائی کی شرح اکتوبر میں بڑھ کر 3.9 فیصد ہوگئی۔ یہ بھی نئی سیریز کی بلند ترین سطح ہے۔

صحت کی خدمات کی مہنگائی کی شرح ستمبر کے 1.4 فیصد سے بڑھ کر اکتوبر میں 2.05 فیصد ہوگئی۔ جنوری کے بعد اس شعبے میں یہ بلند ترین شرح ہے۔

مکان، پانی، بجلی، گیس اور دیگر ایندھن سے متعلق مہنگائی کی شرح بھی اکتوبر میں بڑھ کر 2.9 فیصد ہوگئی۔ یہ نئی سی پی آئی سیریز میں اب تک کی بلند ترین سطح ہے۔

تعلیم اور مواصلاتی خدمات بھی مہنگی

تعلیمی خدمات کی مہنگائی کی شرح پہلی بار آر بی آئی کے 4 فیصد کے ہدف تک پہنچ گئی۔ وہیں اطلاعات و مواصلات کی خدمات کی مہنگائی کی شرح اکتوبر میں بڑھ کر 3.2 فیصد ہوگئی۔ یہ بھی نئی سیریز کی بلند ترین سطح ہے۔

تفریح، کھیل اور ثقافت سے متعلق خدمات کی مہنگائی کی شرح میں بھی اکتوبر کے دوران اضافہ ہوا اور یہ بڑھ کر 2.5 فیصد ہوگئی۔

اکتوبر میں صرف ذاتی نگہداشت، سماجی تحفظ اور متفرق اشیا و خدمات کے زمرے میں کچھ راحت دیکھنے کو ملی۔ اس شعبے کی مہنگائی کی شرح کم ہوکر 10.1 فیصد رہ گئی۔ نئی سی پی آئی سیریز میں اس زمرے کی یہ اب تک کی سب سے کم شرح ہے۔

واضح ہو کہ سی پی آئی کی نئی سیریز کا بنیادی سال 2024 ہے۔ اس میں مختلف شعبوں کے اعداد و شمار جنوری 2026 سے ہی دستیاب ہیں۔



Source link

متعلقہ پوسٹ