
(ویب ڈیسک)امریکی ریاست کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والے ایک فنکار نے دیوہیکل مشروم سے تیار کردہ کشتی میں 42.43 کلو میٹر کا سمندری سفر کرکے گنیز ورلڈ ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔
لاس اینجلس کے رہائشی سیم شو میکر نے اگست 2025 میں کیٹالینا جزیرے سے امریکی سرزمین پر واقع کابریلو بیچ تک تنہا سفر کیا۔
اس مقصد کے لیے انہوں نے 12 فٹ طویل کیاک استعمال کی، جو مکمل طور پر ایک مخصوص قسم کی مائیسیلیم سے تیار کی گئی تھی۔
سیم شو میکر نے یہ سفر تقریباً 12 گھنٹے میں مکمل کیا جس کے بعد انہیں مشروم کے مائیسیلیم سے بنی کشتی میں تنہا سب سے طویل سفر کرنے کا گنیز ورلڈ ریکارڈ حاصل ہوا۔
مزید پڑھیں: اسٹرابیری ڈیلائٹ بنانے کی آسان ترکیب
شو میکر گزشتہ ایک دہائی سے زائد عرصے سے کھمبیوں کی مختلف اقسام پر تحقیق اور تجربات کر رہے ہیں، وہ پھپھوندی کو مختلف شکلوں میں ڈھال کر مجسمے اور فن پارے بھی تیار کرتے ہیں۔
ان کی تحقیق کا ایک اہم مقصد کھمبیوں سے حاصل ہونے والے مائیسیلیم کو پلاسٹک اور تعمیراتی صنعت میں استعمال ہونے والے غیر قابلِ تجدید مواد کے ماحول دوست متبادل کے طور پر متعارف کرانے کے امکانات تلاش کرنا ہے۔
ان کا یہ منفرد تجربہ نہ صرف فن اور سائنس کے امتزاج کی مثال ہے بلکہ ماحول دوست تعمیراتی مواد کے استعمال کے نئے امکانات بھی اجاگر کرتا ہے۔

