سوئس پولیس نے جمعرات کو بتایا ہے کہ سوئٹزر لینڈ کے سکی ریزورٹ کرانس مونٹانا کے ایک شراب خانے میں ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں کئی افراد جان سے چلے گئے جبکہ متدد زخمی بھی ہوئے ہیں۔
برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز کے مطابق پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ یہ دھماکہ مقامی وقت کے مطابق رات ڈیڑھ بجے کنسٹلیشن نامی بار میں ہوا۔
جنوب مغربی سوئٹزرلینڈ کے علاقے کینتن والیس میں پولیس کے ترجمان گیتاں لاتیوں نے فرانسیسی نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا کہ ’نامعلوم وجہ سے ایک دھماکہ ہوا ہے۔ کئی افراد زخمی ہیں اور کئی کی جان جا چکی ہے۔‘
انہوں نے کہا کہ جس بار میں دھماکہ ہوا وہ سیاحوں میں مقبول ہے۔ دھماکے کے وقت لوگ نئے سال کا جشن منا رہے تھے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
سوئس میڈیا میں شائع کی گئی تصاویر میں ایک عمارت کو شعلوں میں لپٹا دیکھا جا سکتا ہے جبکہ قریبی علاقے میں ایمرجنسی سروسز کی گاڑیاں اور عملہ موجود ہے۔
سوئس پولیس نے کہا کہ علاقے کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے اور کرینز مونٹانا پر نو فلائی زون نافذ کر دیا گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ آگ لگنے کی وجہ واضح نہیں ہے۔
سوئس میڈیا آؤٹ لیٹ بلک نے پولیس کے حوالے سے بتایا کہ دھماکے کے وقت بار میں 100 سے زائد افراد موجود تھے۔

