پاکستان اور پرتگال نے تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مشترکہ وزارتی کمیشن قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے جبکہ سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزوں کے خاتمے کے معاہدے پر بھی دستخط کیے ہیں۔
پاکستان کے وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے پیر کو بتایا کہ یہ اتفاق رائے پرتگال کے وزیر خارجہ پاؤلو رانجل کے اسلام آباد کے دو روزہ دورے کے دوران ہوا، جہاں ان کے ہمراہ کاروباری وفد بھی موجود ہے۔
پاکستان اپنی برآمدات میں تنوع لانے اور یورپی ممالک کے ساتھ تجارتی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کی کوشش کر رہا ہے تاکہ یورپی یونین کی منڈی تک ترجیحی رسائی برقرار رکھی جا سکے۔
پاکستانی حکومت کے اعداد و شمار کے مطابق مالی سال 2025 میں پاکستان اور پرتگال کے درمیان دوطرفہ تجارت کا حجم 28 کروڑ 80 لاکھ ڈالر تک پہنچ گیا، جو 2020 میں 18 کروڑ 90 لاکھ ڈالر تھا۔
اسحاق ڈار کے مطابق تجارتی توازن پاکستان کے حق میں رہا جبکہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت میں ٹیکسٹائل مصنوعات کا بڑا حصہ ہے۔
انہوں نے پاؤلو رانجل کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ’ہم نے متعدد معاملات پر تفصیلی بات چیت کی ہے اور مجھے خاص طور پر اس بات پر خوشی ہے کہ آپ نے مشترکہ وزارتی کمیشن کے قیام کا عمل شروع کرنے پر رضامندی ظاہر کی ہے۔‘
انہوں نے کہا کمیشن کے قیام کے بعد دونوں ممالک کاروبار، تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے مل کر کام کریں گے۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے لزبن کے دورے کی دعوت قبول کر لی ہے اور تجویز دی ہے کہ دونوں حکومتوں کی جانب سے کمیشن کے قیام کے لیے ضروری اقدامات مکمل ہونے کے بعد اس کا پہلا اجلاس اسی دورے کے دوران منعقد کیا جائے۔
انہوں نے تجارتی رکاوٹوں کی نشاندہی کے لیے ایک ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ دونوں ممالک کے رہنماؤں کے درمیان سربراہی اجلاس 2027 کی دوسری ششماہی میں ہو سکتا ہے۔
پاؤلو رانجل نے کہا ’ہمارے پاس بہت زیادہ صلاحیت موجود ہے اور ہم واقعی ٹھوس نتائج دے سکتے ہیں۔ ہم اس بات سے مکمل اتفاق کرتے ہیں کہ یہ مشترکہ وزارتی کمیشن ہمارے تعلقات میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے فیصلہ کن اہمیت رکھتا ہے۔‘
Deputy Prime Minister/Foreign Minister Senator Mohammad Ishaq Dar @MIshaqDar50 and H.E. Paulo Rangel, Minister of State and Foreign Affairs of Portugal, signed the Agreement on the Mutual Exemption of Visa Requirements for Holders of Diplomatic Passports between Pakistan and Portugal at Ministry of Foreign Affairs today. The Agreement will facilitate high-level engagement, diplomatic exchanges and further strengthen the longstanding and friendly relations between Pakistan and Portugal.
— Ministry of Foreign Affairs – Pakistan (@ForeignOfficePk) November 23, 2026
دونوں ممالک کے درمیان زیتون کی کاشت اور پراسیسنگ، قابل تجدید توانائی اور جہاز رانی کے شعبوں میں تعاون پر بھی بات چیت ہوئی۔
پیر کو اسلام آباد میں ہونے والے کاروباری فورم میں دونوں ممالک کی کمپنیوں نے ادویہ سازی، انفارمیشن ٹیکنالوجی، ٹیکسٹائل اور جوتوں سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کے امکانات کا جائزہ لیا۔
اسحاق ڈار نے بتایا کہ انہوں نے یورپی یونین کے نئے فریم ورک کے تحت پاکستان کے لیے جی ایس پی پلس کی سہولت جاری رکھنے میں پرتگال کی حمایت بھی طلب کی ہے۔
اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)
جی ایس پی پلس ایسا پروگرام ہے جس کے تحت اہل ممالک کو بین الاقوامی ذمہ داریاں، بشمول مزدوروں اور انسانی حقوق سے متعلق معیارات، پورا کرنے کے عوض یورپی یونین کی منڈی تک ترجیحی رسائی دی جاتی ہے۔
پاؤلو رانجل نے پاکستان اور یورپی یونین کے درمیان قریبی اقتصادی تعلقات کے لیے پرتگال کی حمایت کا اعادہ کیا۔
اسحاق ڈار نے کہا ’مجھے یہ اعلان کرتے ہوئے خوشی ہے کہ آج ہم نے سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے ویزوں کے خاتمے کی مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے ہیں، جس سے یقیناً پاکستان اور پرتگال کے درمیان سرکاری سطح پر آمد و رفت میں آسانی پیدا ہوگی۔‘
یہ معاہدہ صرف سفارتی پاسپورٹ رکھنے والوں پر لاگو ہوگا۔ اسحاق ڈار نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک سرکاری اور عام پاسپورٹ رکھنے والوں کے لیے بھی ویزوں کے خاتمے پر غور کر سکیں گے۔
اسحاق ڈار نے پرتگال سے افرادی قوت کی نقل و حرکت کے لیے شراکت داری کے معاہدے پر غور کرنے کی درخواست بھی کی اور کہا کہ پرتگال میں پہلے سے موجود تیز رفتار بھرتی کا طریقہ کار مطلوبہ شرائط پر پورا اترنے والے پاکستانی ہنرمند کارکنوں کے لیے ایک ممکنہ راستہ ہو سکتا ہے۔
تاہم دونوں وزرائے خارجہ نے افرادی قوت سے متعلق کسی معاہدے کا اعلان نہیں کیا۔

