ذرائع کے مطابق ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) کی تحقیقات کے بعد پاکستان اور یو اے ای کے درمیان کل ہونے والا میچ اپنے شیڈول کے مطابق ہوگا۔ اے سی سی نے میچ ریفری اینڈی پائی کرافٹ کو جانبداری کے الزامات کے باعث عہدے سے ہٹا دیا ہے اور ان کی جگہ ویسٹ انڈیز کے سابق کپتان رچی رچرڈسن کو ریفری مقرر کر دیا گیا ہے
تحقیقات میں انکشاف ہوا کہ اینڈی پائی کرافٹ نے بھارت کے خلاف پاکستان کے میچ میں جانبدارانہ رویہ اپنایا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے سخت احتجاج درج کرایا تھا۔ پاکستان کے مطالبے کو تسلیم کرتے ہوئے اے سی سی نے فوری طور پر تبدیلی کی منظوری دی۔
نئے میچ ریفری رچی رچرڈسن وسیع تجربہ رکھتے ہیں اور ماضی میں بھی کئی اہم مقابلوں کی نگرانی کر چکے ہیں۔ کرکٹ ماہرین کے مطابق اس فیصلے سے کل کے میچ کی شفافیت اور غیر جانبداری یقینی بنائی جا سکے گی۔
پاکستان اور یو اے ای کے درمیان یہ اہم میچ کل کھیلا جائے گا جسے شائقین بے چینی سے انتظار کر رہے ہیں۔