اسلام آباد – حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کی بحالی اور ٹیکس اہداف پورے کرنے کے لیے آئندہ دنوں میں منی بجٹ لانے کا امکان ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت خزانہ نے ابتدائی تجاویز تیار کر لی ہیں جن میں مختلف شعبوں پر نئے ٹیکس عائد کرنے اور موجودہ ٹیکسوں میں اضافہ شامل ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں کی تعمیرِ نو اور متاثرین کی مالی امداد کیلئے خطیر رقم درکار ہے، جس کیلئے اضافی محصولات ناگزیر ہو گئے ہیں۔ دوسری جانب بین الاقوامی مالیاتی اداروں کی جانب سے بھی پاکستان پر محصولات بڑھانے کے دباؤ کی اطلاعات ہیں۔
منی بجٹ میں اشیائے تعیش پر درآمدی ڈیوٹی بڑھانے، سگریٹ، مشروبات اور لگژری گاڑیوں پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کی تجویز زیر غور ہے۔ تاہم حکومت اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کرے گی کہ عام آدمی پر اضافی بوجھ نہ پڑے۔
ماہرین اقتصادیات کے مطابق اگر حکومت یہ اقدامات بروقت نہ کرے تو نہ صرف بحالی کے منصوبے متاثر ہو سکتے ہیں بلکہ مالی خسارہ بھی مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔