کراچی:
شہر قائد کے علاقے گلشن اقبال یاسین آباد ندی کے قریب فائرنگ سے حیدرآباد کا رہائشی 38 سالہ شخص جاں بحق ہوگیا، پولیس نے واقعے کو مشکوک قرار دیتے ہوئے مقتول کے ساتھ گاڑی میں موجود دو دوستوں سے پوچھ گچھ شروع کردی۔
پولیس کے مطابق جاں بحق شخص کی شناخت فرقان ولد ظفر کے نام سے ہوئی ہے، جس کا تعلق حیدرآباد کے علاقے لطیف آباد نمبر 8 سے تھا۔ مقتول چار بچوں کا باپ اور اسکول یونیفارم کا کاروبار کرتا تھا، جو کاروباری سلسلے میں اکثر کراچی آتا رہتا تھا۔
ایس ایچ او گلشن اقبال محمد سعود کے مطابق واقعے کے وقت مقتول فرقان اپنے دوستوں آصف اور وقاص کے ہمراہ گاڑی میں سوار تھا اور تینوں عائشہ منزل کی جانب جارہے تھے کہ مبینہ طور پر نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے فرقان زخمی ہوگیا۔
اسے فوری طور پر سندھ گورنمنٹ اسپتال لیاقت آباد منتقل کیا گیا، جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کردی۔ مقتول کو چہرے پر آنکھ کے نیچے ایک گولی لگی تھی۔
پولیس کے مطابق مقتول کے دوستوں نے فائرنگ کا واقعہ جس مقام پر پیش آنے کا بتایا ہے، وہاں سے گولی کا کوئی خول برآمد ہوا ہے اور نہ ہی خون کے نشانات ملے ہیں، جس کے باعث واقعے کو مشکوک قرار دے کر مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔ پولیس نے گاڑی میں موجود دونوں دوستوں سے بھی پوچھ گچھ شروع کردی ہے۔
دوسری جانب ابتدائی اطلاعات میں واقعے کو ڈکیتی مزاحمت کا نتیجہ قرار دیا گیا تھا، تاہم رات گئے تک گلشن اقبال اور جوہرآباد پولیس کے درمیان جائے وقوعہ کی حدود کا تعین بھی نہ ہوسکا۔
دونوں تھانوں کے ایس ایچ اوز واقعہ ایک دوسرے کی حدود میں ہونے کا مؤقف دیتے رہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔

