کون سا واقعہ یاد رکھنا ہے اور کسے بھلا دینا ہے، دماغ یہ فیصلہ کیسے کرتا ہے؟

399928 53405976


خوف ناک یا غیر معمولی واقعات کی یادیں دماغ میں زیادہ دیر تک محفوظ رہتی ہیں اور روزمرہ کے معمولات کی یادیں وقت کے ساتھ بھول جاتی ہیں۔ سائنس دانوں نے اب اس کی وجہ جاننے میں اہم پیش رفت کی ہے۔

یونیورسٹی آف یوٹاہ کے محققین نے دریافت کیا ہے کہ دماغ کے اندر گہرائی میں موجود بادام کی شکل کا ایک چھوٹا سا حصہ، جسے ’امیگڈالا‘ کہا جاتا ہے، اچانک صدمے، خطرے یا جوش و خروش کے لمحات میں ایک اہم نگران کا کردار ادا کرتا ہے۔

تحقیقی جائزہ، جو جریدے فرنٹیئرز فار ینگ مائنڈز میں شائع ہوا، تجربہ گاہوں میں کی گئی کئی دہائیوں کی تحقیق اور انسانوں پر کیے گئے طبی تجربات کو یکجا کرکے یہ واضح کرتا ہے کہ دماغ انسانی تجربات میں سے کن باتوں کو یادداشت میں محفوظ رکھتا ہے اور کنہیں نظر انداز کر دیتا ہے۔

انڈپینڈنٹ اردو کا واٹس ایپ گروپ یہاں جوائن کریں

عام طور پر دماغ روزمرہ کے معمولات کی بیشتر تفصیلات فراموش کر دیتا ہے، مثلاً معمول کے مطابق خریداری کے لیے دکان تک جانا تاکہ معمولی باتوں کی غیر ضروری تفصیلات سے دماغ پر بوجھ نہ پڑے۔

لیکن جب کوئی غیر معمولی، شدید یا گہرے جذبات سے بھرپور واقعہ پیش آتا ہے تو امیگڈالا متحرک ہو جاتا ہے اور دماغ کے قریبی حصوں کو اس لمحے کو طویل مدتی یادداشت میں محفوظ کرنے کا اشارہ دیتا ہے۔

یہ حیاتیاتی عمل اس وقت شروع ہوتا ہے جب کسی شخص کو اچانک کسی خطرے کا سامنا ہو یا کوئی شدید حیرت انگیز واقعہ پیش آئے۔

گردوں کے اوپر واقع ایڈرینل غدود خون میں ایڈرینالین خارج کرتے ہیں، جو دماغ کے نچلے حصے میں موجود ایک مخصوص حصے کو متحرک کرتا ہے۔

اس کے بعد دماغ کا یہ حصہ ’نورایپی نیفرین‘ نامی ایک کیمیائی مادہ براہ راست امیگڈالا تک پہنچاتا ہے۔

متحرک ہونے کے بعد امیگڈالا خود یادداشت محفوظ کرنے کی جگہ کے طور پر کام نہیں کرتا۔ اس کی بجائے یہ ایک اندرونی انتباہی مرکز کا کردار ادا کرتا ہے، جو ہپوکیمپس کو ہدایت دیتا ہے۔

ہپوکیمپس دماغ کا سمندری گھوڑے کی شکل کا ایک حصہ ہے جو یادداشت بنانے اور محفوظ شدہ یادوں کو دوبارہ یاد کرنے میں بنیادی کردار ادا کرتا ہے۔

امیگڈالا برقی سگنلز اور پروٹین کی تیاری کو متحرک کرنے والے پیغامات کے ذریعے ہپوکیمپس کو سرگرم کرتا ہے، جس سے دماغی خلیوں کے درمیان روابط مضبوط ہوتے ہیں۔

اس عمل کے نتیجے میں ہپوکیمپس دماغ کے مختلف حصوں، جن میں بصارت، سماعت اور سونگھنے کی حس سے متعلق حصے شامل ہیں، سے مناظر، آوازیں، خوشبوئیں اور جسمانی احساسات جمع کرتا ہے اور انہیں ایک دوسرے سے جوڑ دیتا ہے تاکہ بعد میں انہیں یاد کیا جا سکے۔

انسانوں میں اس نظام کے براہ راست مطالعے کے لیے محققین نے مرگی کے ایسے مریضوں کا جائزہ لیا جن کے دماغ میں طبی نگرانی کے لیے پہلے ہی جراحی کے ذریعے الیکٹروڈز نصب کیے گئے تھے۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

تجربات کے دوران شرکا کو کمپیوٹر سکرین پر تصاویر کا ایک سلسلہ دکھایا گیا، جس کے بعد ڈاکٹروں نے براہ راست امیگڈالا میں بجلی کا ایک انتہائی معمولی اور ناقابلِ محسوس جھٹکا دیا۔

اگلے روز جب ان مریضوں کی یادداشت کا جائزہ لیا گیا تو وہ ان تصاویر کو پہچاننے میں نمایاں طور پر بہتر تھے جنہیں دیکھتے وقت ان کے امیگڈالا کو برقی تحریک دی گئی تھی جبکہ وہ تصاویر جن کے ساتھ یہ تحریک نہیں دی گئی تھی، انہیں پہچاننے کی صلاحیت نسبتاً کم تھی۔

اس کے برعکس روزمرہ کی جسمانی عادتیں، مثلاً جوتوں کے تسمے باندھنا یا گیند کو کک مارنا، جذباتی انتباہ کے اس نظام سے گزرے بغیر انجام پاتی ہیں اور ان کا انحصار دماغ کے ایک حصے ’سٹریئٹم‘ پر ہوتا ہے۔

محققین نے واضح کیا کہ انسان کی یادداشت ماضی کے واقعات کو کسی ایسی فلم کی طرح دوبارہ نہیں چلاتی جس میں کوئی تبدیلی نہ کی گئی ہو۔

جب انسان ماضی کا کوئی واقعہ یاد کرتا ہے تو دماغ محفوظ شدہ حسی معلومات کے مختلف ٹکڑوں کو دوبارہ جوڑ کر اس واقعے کی تصویر بناتا ہے۔

اس دوران بعض اوقات دماغ اردگرد کے حالات و واقعات کو مدنظر رکھتے ہوئے یادداشت کے خالی حصوں کو خود بھی مکمل کر لیتا ہے۔

دماغ کے اس نظام کے طریقۂ کار کا پتا لگانا انسانی یادداشت کو سمجھنے کی جانب ایک اہم پیش رفت ہے۔

اس تحقیق سے یادداشت کی شدید کمزوری، ڈیمنشیا اور صدمے سے متعلق ذہنی مسائل کے علاج کے لیے مخصوص اور ہدف پر مبنی طریقہ ہائے علاج کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ