کامسیٹس یونیورسٹی میں بڑی انتظامی و تعلیمی اصلاحات کا نفاذ اور تمام سسٹم ڈیجیٹائز، مصنوعی ذہانت کا کورس لازمی قرار

b3d74271a61c54c2ab7b6c5607f9c145 L


کامسیٹس یونیورسٹی میں بڑی انتظامی و تعلیمی اصلاحات کا نفاذ ہوگیا ایک سال میں 467 تقرریاں، 438 ترقیوں کی سفارش کی گئی ہے، ریکٹر کامیسٹس ڈاکٹر راحیل قمر کہتے ہیں تمام سسٹم ڈیجیٹائز ہونے سے ستر لاکھ سے زائد صفحات کی پرنٹنگ کی بچت ہوگئی تمام ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت کا کورس لازمی قرار دیا گیا ہے۔

تقرری کا ایک سال مکمل ہونے پر ریکٹر کامسیٹس یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر نے کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر سجاد مدنی کے ہمراہ صحافیوں کے وفد سے ملاقات کی اور ایک سال کی کارکردگی سے آگاہ کیا ۔ یونیورسٹی کی جاری کردہ پہلی سالانہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق 467 امیدواروں کی تقرریوں اور 438 ملازمین کی ترقیوں کی سفارشات، تمام ڈگری پروگراموں میں مصنوعی ذہانت کا لازمی کورس، ڈیجیٹل نظام کا فروغ اور کاغذ کے استعمال میں نمایاں کمی اہم اقدامات میں شامل ہیں، 27 اکتوبر 2025 سے 26 اکتوبر 2026 تک کی کارکردگی پر مشتمل رپورٹ کے مطابق یونیورسٹی کے ساتوں کیمپسز میں گرین ٹرانسفارمیشن منصوبے کے تحت انتظامی اور تعلیمی امور کو ڈیجیٹل بنانے، شفافیت بڑھانے اور وسائل کے مؤثر استعمال کے لیے اقدامات کیے گئے۔

ان اصلاحات کے نتیجے میں 70 لاکھ سے زائد صفحات کی ممکنہ پرنٹنگ سے بچت کا تخمینہ لگایا گیا ہے، رپورٹ کے مطابق اکیڈمک کونسل کے 44ویں اجلاس میں 12 ہزار سے زائد صفحات پر مشتمل ایجنڈا ڈیجیٹل انداز میں پیش کیا گیا، جس سے تقریباً سات لاکھ صفحات کی پرنٹنگ، سات لاکھ لیٹر پانی اور 9.1 ٹن کاربن ڈائی آکسائیڈ کے مساوی اخراج سے بچاؤ ممکن ہوا۔

ڈاکٹر راحیل قمر نے بتایا انتظامی اصلاحات کے تحت 40ویں اور 41ویں سلیکشن بورڈز نے 467 امیدواروں کی تقرریوں کی سفارش کی، جبکہ ٹینیور ٹریک سسٹم کے تحت 220 اور غیر تدریسی ملازمین کی 218 ترقیوں کی سفارشات بھی کی گئیں۔ اس کے علاوہ مختلف کیمپسز اور پرنسپل سیٹ کے 141 اسٹاف گریڈ ملازمین کی ترقیاں بھی ریکارڈ کی گئیں، یونیورسٹی میں انتظامی ڈھانچے کو مستحکم بنانے کے لیے چھ کیمپس ڈائریکٹرز، پانچ فیکلٹی ڈینز اور تین شعبہ جاتی چیئرپرسنز کی باقاعدہ تقرریاں بھی کی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا تعلیمی شعبے میں ایک اہم پیش رفت کے طور پر تمام ڈگری پروگراموں میں تین کریڈٹ آورز پر مشتمل مصنوعی ذہانت (AI) کا کورس لازمی قرار دینے کی منظوری دی گئی ہے، جس کا اطلاق خزاں 2026 سے ہو چکا ہے۔ اس اقدام کا مقصد کمپیوٹر سائنس کے علاوہ دیگر شعبوں کے طلبہ کو بھی جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کی بنیادی تعلیم سے آراستہ کرنا ہے۔ طلبہ کو جدید مارکیٹ کی ضروریات کے مطابق تیار کرنے کے لیے چھ بنیادی مہارتوں پر مشتمل فریم ورک بھی متعارف کرایا گیا ہے، جس میں کوڈنگ، کلاؤڈ ٹیکنالوجی، تخلیقی سوچ، انسان اور مصنوعی ذہانت کا اشتراک، سائبر سکیورٹی اور مؤثر ابلاغ شامل ہیں۔

رپورٹ کے مطابق مختلف کیمپسز میں نئے تعلیمی پروگراموں کی منظوری بھی دی گئی، جن میں اسلام آباد اور اٹک میں بی ایس فنانشل ٹیکنالوجی، ایبٹ آباد میں بی ایس اکنامکس ود ڈیٹا سائنس، اسلام آباد میں ایم ایس سائیکالوجی، لاہور میں پی ایچ ڈی انگلش لسانیات اور بیچلر آف فائن آرٹس شامل ہیں۔ ملازمین کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے فیکلٹی ڈویلپمنٹ اکیڈمی کے تحت ستمبر 2025 سے اگست 2026 تک 23 تربیتی کورسز منعقد کیے گئے، جن میں مجموعی طور پر 1,654 ملازمین نے شرکت کی۔ ان میں لائف اسکلز کے 13 کورسز بھی شامل تھے، جن سے 533 ملازمین مستفید ہوئے۔

تربیتی پروگراموں میں سوشل میڈیا مارکیٹنگ، گرافک ڈیزائننگ، مصنوعی ذہانت، سولر ٹیکنالوجی، برقی نظام اور الیکٹرک گاڑیوں سے متعلق مہارتوں پر توجہ دی گئی، ڈاکٹر راحیل قمر کا مزید کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پر یونیورسٹی کی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوا ، بہار اور خزاں 2026 کے دوران 17 ممالک سے تعلق رکھنے والے 112 نئے غیر ملکی طلبہ نے داخلہ لیا، جس کے بعد 22 ممالک سے تعلق رکھنے والے بین الاقوامی طلبہ کی مجموعی تعداد 210 ہوگئی، بین الاقوامی تعاون کے تحت مالدیپ نیشنل یونیورسٹی کے تعلیمی اور انتظامی نظام کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے 220,000 امریکی ڈالر مالیت کا ساڑھے تین سالہ معاہدہ بھی کیا گیا ہے۔

منصوبے کے تحت داخلوں، تعلیمی ریکارڈ، کورس پورٹل اور مالیاتی انتظام کے لیے جدید سافٹ ویئر سسٹم کی تیاری میں معاونت فراہم کی جا رہی ہے، اسی طرح ترکی، کینیڈا، پولینڈ اور ملائیشیا کی جامعات کے ساتھ طلبہ اور اساتذہ کے تبادلوں کے پروگراموں میں پیش رفت ہوئی، جبکہ اسلامی تعاون تنظیم کے رکن ممالک کے طلبہ کے لیے مصنوعی ذہانت اور جدید سائنسی شعبوں میں ایم ایس اور پی ایچ ڈی کی سطح پر 100 وظائف کی پیشکش بھی کی گئی۔

رپورٹ کے مطابق طلبہ کی سہولت کے لیے آن لائن درخواستوں کا نظام متعارف کرایا گیا، جس کے ابتدائی ایک ہفتے میں 400 سے زائد درخواستوں پر کارروائی کی گئی۔ بھرتیوں، مالی امور، امتحانات، تحقیقی مقالوں اور ڈگریوں کی تصدیق کے نظام کو بھی جدید ڈیجیٹل سہولیات سے منسلک کیا جا رہا ہے۔

یونیورسٹی کے ایک لاکھ 17 ہزار سے زائد سابق طلبہ کے ساتھ روابط مضبوط بنانے کے لیے ایلومنائی ایکسیلنس ایوارڈز کا آغاز بھی کیا گیا، جس کے ذریعے پیشہ ورانہ کامیابیوں، کاروباری اختراعات، سماجی خدمات اور نوجوان گریجویٹس کی نمایاں کارکردگی کو سراہا جا رہا ہے، ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر راحیل قمر کے مطابق کسی جامعہ کی کامیابی کا معیار محض عالمی درجہ بندی نہیں بلکہ معیاری تعلیم، تحقیق کے عملی نتائج، فارغ التحصیل طلبہ کی کامیابیاں، نئی اختراعات اور معاشرے پر مثبت اثرات بھی ہیں۔


install suchtv android app on google app store



Source link

متعلقہ پوسٹ