کیا سورج برجاتیہ کی ’یہ پریم مول لیا‘ بھی ٹرینڈ سیٹر ثابت ہوگی؟

399923 2065350272


کیا ہدایت کار سورج برجاتیہ اپنی نئی تخلیق ’یہ پریم مول لیا‘ سے  پھر خاندانی رشتوں کی اونچ نیچ، اپنائیت اور پیار و محبت کا پیغام دے کر خود کو ٹرینڈ سیٹر ثابت کرنے کی کوشش کریں گے؟

یہ سوال اب اس تناظر میں خاصا گردش میں ہے کیونکہ بالی وڈ میں حالیہ دنوں میں ایکشن اور مار دھاڑ سے بھرپور فلموں اور ویب سیریز کی بہتات ہے۔ سکرین پر خون خرابہ ایسا ہو رہا ہے کہ روح تک کانپ جائے۔ اب ولن اور ہیرو دونوں ہی بلاجواز خون کی ندیاں ایسے بہاتے ہیں کہ جیسے کوئی بات ہی نہ ہو۔

ایسے ماحول میں 27 نومبر کو ’یہ پریم مول لیا‘ سینیما گھروں کی زینت بننے جا رہی ہے۔ فلم کے نمایاں ستاروں میں آشیمان کھرانہ، شروری، انوپم کھیر، سپریا پاتھک اور شروتی سیٹھ شامل ہیں۔ جیسا کہ نام سے ظاہر ہے کہ فلم پیار اور پھر اس کے بعد رنجشوں کی صورت میں بڑھتے  فاصلوں کے درمیان گھوم رہی ہے جس میں خاندانی روایتی  اقدار کی کہانی کو انتہائی دلکشی کے ساتھ پیش کیے جانے کا دعویٰ کیا گیاہے۔ سورج برجاتیہ کی بطور ہدایت کار یہ آٹھویں کاوش ہے۔

فلم کے ہیرو آشیمان کھرانہ ہیں جو کامیڈین ہیرو کے طور پر اپنی شناخت بنا چکے ہیں۔ان کے لیے یہ فلم اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گئی ہے کیونکہ حال ہی میں ان کی ایک اور کامیڈی رومنٹک فلم ’اُڑتا تیر‘ تمام تر بھاری بھرکم تشہیر کے باوجود خاطر خواہ کمائی نہ کرسکی۔ خیر یہ ہی فلم نہیں بلکہ آشیمان کھرانہ کی اس سے پہلے نمائش پذیر ہونے والی فلمیں بھی فلم سازوں کو منافع نہیں دے پائی ہیں۔ اس اعتبار سے آشیمان کھرانہ کے لیے اس فلم کی کامیابی بہت ضروری ہوگئی ہے۔

ہیروئن کے لیے شروری کا انتخاب کیا گیا جنہوں نے ’بنٹی اور ببلی2 ‘ کے ساتھ فلم نگری میں قدم رکھا۔چھوٹے موٹے کردار ادا کرنے کے بعد اب وہ ایک بڑی فلم میں اپنی قسمت آزما رہی ہیں۔

 فلم کے بارے میں بلند توقعات کی جارہی ہیں کہ ایک طویل عرصے بعد ایک ایسی تخلیق پیش کی جا رہی ہے جو یقینی طور پرخاندان بھر کے ساتھ دیکھی جاسکتی ہے کیونکہ راج شری فلمز کی خاصیت یہ ہی رہی کہ یہ پروڈکشن ہاؤس، مارکیٹ ڈیمانڈ سے زیادہ ایک مخصوص زاویے میں رہتے ہوئے فلموں کی تیاری کرتا ہے جن میں خاندانی آداب، بڑوں کا احترام، چھوٹوں سے شفقت اور  بہترین خاندانی روایت کی گداز ملتی ہے۔

 یہاں یہ بات بھی دلچسپی سے خالی نہیں کہ ہدایت کار سورج برجاتیہ کی یہ چھٹی فلم ہے جس کے ہیرو کا نام پریم ہے۔ جب سے ’میں نے پیار کیا‘ میں پریم نام کی وجہ سے ان کے ہیرو اور فلم کو فقیدالمثال کامیابی ملی سورج برجاتیہ نے پریم نام کو اپنے لیے خوش قسمتی کی علامت تسلیم کر لیا ہے۔ بلکہ تازہ پیش کش سے پہلے ان کی دو فلمیں ’میں پریم کی دیوانی ہوں‘ اور ’پریم رتن دھن پایو‘ کے نام تک میں پریم شامل رہا۔ سورج برجاتیہ کی فلموں کی خاصیت ان کے گانے رہے ہیں۔ ہر فلم میں عموماً آٹھ  سے نو گانے ہوتے ہیں لیکن حیران کن طور پر اس مووی میں صرف پانچ گیت ہیں جن کی دھنیں موسیقار ہمیش ریشمیا نے ترتیب دی ہیں۔

اس سیکشن میں متعلقہ حوالہ پوائنٹس شامل ہیں (Related Nodes field)

سورج برجاتیہ ان غیر معمولی ہدایت کاروں میں شمار کیے جاتے ہیں جنہوں نے پردہ سیمیں پر پیار، خاندان اور رشتوں کے احساس کو ایک نئے انداز میں پیش کیا۔ ان کی تخلیقات کی بنیادی خوبی یہ ہے کہ یہ خاندانی اقدار اور اس کی مٹھاس کے جذبے کو ذہن میں  رکھتے ہوئے پیار میں ایثار کی نئی مثالیں پیش کرتی ہیں ساتھ ہی ان کی فلمیں رشتوں کے احترام کا درس بھی دیتی ہیں۔

سورج برجاتیہ کے کیرئیر پر نگاہ ڈالی جائے تو انہیں صحیح معنوں میں اس وقت شہرت اور مقبولیت حاصل ہوئی جب سال 1989 میں انہوں نے فلم ’میں نے پیار کیا‘ پیش کی۔ بھاگیہ شری اور سلمان خان کو اسی فلم کے ذریعے بالی وڈ میں قدم جمانے کا موقع ملا۔ بلکہ یہ کہا جائے تو بہتر ہوگا کہ انڈین فلموں میں باہمی تعلق، دوستی اور پیار و محبت کو ایک نیا رجحان دیا گیا۔ اس تخلیق کے بعد کم و بیش پانچ سال بعد سورج برجاتیہ نے فلم ’ہم آپ کے ہیں کون‘ پیش کی جس نے کامیابی کے نئے ریکارڈز قائم کیے۔

فلم کی شہرت کا اندازہ یوں لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے بیشتر گیت شادی بیاہ کی تقریبات میں اب تک بجائے جاتے ہیں۔ پوری فلم میں تشدد کے نام پر صرف ایک طمانچہ شامل تھا۔یہ تخلیق ایسے وقت میں سپر ہٹ ثابت ہوئی جب بالی وڈ میں ایکشن فلموں کی بھرمار تھی لیکن سورج برجاتیہ نے ’ہم آپ کے ہیں کون‘ کے زریعے پیار کی کہانی کو  خاندانی کشمکش میں بُن کر انتہائی مہارت سے بڑے پردے پر پیش کیا۔

سورج برجاتیہ کی کامیابی کا یہ سلسلہ یہیں تھما نہیں بلکہ انہوں نے ’ہم ساتھ ساتھ ہیں‘ کے ذریعے مشترکہ خاندانی نظام کی اہمیت کو انتہائی خوبصورتی کے ساتھ  فلمایا۔اسی طرح ’ویووا‘ میں سادگی اور خلوص کو ظاہری خوبصورتی پر اہمیت دینے پر زور دیا گیا۔ میں پریم کی دیوانی، پریم رتن دھن پایو اور اونچائی بھی اپنی جذباتی کہانیوں کی وجہ سے فلم بینوں کے دلوں میں جگہ بنا گئیں۔ ان کی فلموں کا ایک خاصہ یہ بھی کہ ان میں اچانک ایسا ڈرامائی موڑ آتا ہے کہ کہانی ایک نئی راہ پر آجاتی ہےاور پھر ڈرامائی جدوجہد کا آغاز ہوتا ہے۔

فلم ناقدین کا کہنا ہے کہ سورج برجاتیہ کی تخلیقات صرف دو سے تین گھنٹے کی تفریح نہیں بلکہ ان میں پیار، قربانی، خلوص، اپنائیت اور رشتوں کی اہیمت کو  بہترین انداز میں اجاگر کیا جاتا ہے۔ اسی بنا پر تازہ فلم ’یہ پریم مول لیا‘ کو ویب سیریز اور ایکشن فلموں کی بہتات کے دور میں ہوا کا ایک تازہ جھونکا قرار دیا جا رہا ہے ۔ اب جب انڈیا میں  سینیما گھروں میں جا کر فلمیں دیکھنے کا رواج تھوڑا ماند پڑ رہا ہے ’یہ پریم مول لیا‘ کتنی کمائی کر پاتی ہے اسی کا سب کو بے چینی سے انتظار ہے۔





Source link

متعلقہ پوسٹ